پی پی پی آئندہ عام انتخابات میںبھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کاسلسلہ جاری رکھے گی،سید مراد علی شاہ

منگل 12 دسمبر 2017 19:23

پی پی پی آئندہ عام انتخابات میںبھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے بلاول ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی پی پی آئندہ عام انتخابات میںبھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کاسلسلہ جاری رکھے گی۔ وہ میں انڈس ہائی وے پر پیٹارو کیڈٹ کالج کے نزدیک جامشورو سے سہون تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ جامشور سے سہون تک کے روڈ کا افتتاح محترمہ بینظیر بھٹو صاحبہ نے کیاتھاجوکہ بیس سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ایک بہترین روڈ ہے جبکہ اس دوران ٹریفک میں بھی بہت اضافہ ہوا ہے اس لیے اس روڈ کو دو رویہ بنانے کی ضرورت کو ایک عرصے سے محسوس کیاجارہا تھا اور جب میں وزیر اعلیٰ سندھ بناتو میںنے اس وقت کے چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن کو کہا تھا کہ مجھے یہ روڈ دو رویہ بنانا ہے اس وقت سے میں نے کوششیں شروع کیںاور خدا کے فضل و کرم سے ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں ہمیں کامیابی ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں64 کلو میٹرروڈ جامشورو سے مانجھندتک مکمل کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے ہم نے ٹینڈر دے دیاہے جو کہ جنوری میں ہوگا، یعنی ان تین ماہ میں مانجھند سے سہون تک کے روڈ کے لیے بھی کوششیں شروع کردی جائیں گی اور انشااللہ جلد ہم جامشورے سے سہون تک کے لیے دو رویہ روڈتکمیل مکمل کرلیں گے روڈ کی تکمیل سے نہ صرف ضلع جامشورو، صوبہ سندھ بلکہ پاکستان کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ میرے والد نے جس کام کا آغازکیا تھا آج میں اس کام کومزید آگے بڑھاتے ہوئے ڈبل روڈ کرنے جارہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب اس روڈ کی تکمیل ہوجائے گی تو میں خود اس روڈ سے آئوں گا۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ ہم جامشورو سے سہون تک دو رویہ روڈ کو نہ صرف اعلیٰ معیار کا روڈ بنائیں گے بلکہ ایسا روڈ بنائیں گے کہ لوگ اس کی مثالیں دیا کریں گے اور جس طرح میرے والدکے کاموں کو یاد کیا جاتا ہے میری بھی کوشش ہے کہ میرے کاموں کو بھی یاد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جامشورو کے کوہستان کے علاقے کے لیے ترقیاتی اسکیمیں زیر غور ہیں اوروہاں کے دور دراز کے دیہادتوں کے رہنے والوں کے لیے سولر انرجی واٹر سپلائی اسکیم بنائی گئی ہے جس سے وہاں کے لوگوں کو پانی فراہم کیاجائے گا،اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ جامشورو پھاٹک پر پل تعمیر کیا جارہا ہے جس سے وہاں کے لوگوں کا ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی جامشورو میں جہاں پلوںاور انڈرپاس کی ضرورت ہوگی انہیں ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیاجائے گا۔ تقریب سے ایم این اے ملک اسدسکندراوروزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹرسکندر شورونے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے جامشورو سے سہون تک دو رویہ روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پرفقیردادکھوسو،گیانچندایسرانی،سابق چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن ، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت ، کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگنیجو ،ڈی آئی جی حیدرآباد جاوید عالم اوڈھو ، سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر فتح محمد برفت ، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر بیکھا رام کے علاوہ پی پی پی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔