یوم قائدؒ کی تقریبات لاہور سمیت پنجاب بھر میں شاندار طریقے سے منائی جائیں گی‘شہبازشریف

تقریبات 7 روز تک جاری رہیں گی، تعلیمی اداروں میں یوم قائدؒ کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہونگی

منگل 12 دسمبر 2017 19:32

یوم قائدؒ کی تقریبات لاہور سمیت پنجاب بھر میں شاندار طریقے سے منائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے سلسلے میں صوبہ پنجاب میں منعقد ہونے والی تقریبات، پروگرامز اوراس ضمن میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم قائدؒ کی تقریبات لاہور سمیت پنجاب بھر میں شاندار طریقے سے منائی جائیں گی۔

یوم قائدؒ کے سلسلے میں تقریبات صوبہ بھر میں 7 روز تک جاری رہیں گی۔ تعلیمی اداروں میں یوم قائدؒ کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یوم قائدؒ پر منعقد ہونے والی تقریبات، پروگرامز اور اس حوالے سے انتظامات کو قائداعظمؒ کی عظیم شخصیت کے شایان شان ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم جدوجہد کے باعث آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ جیسی عظیم شخصیت صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے اور قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اپنے عمل سے اقبالؒ کے خواب کو حقیقی تعبیر دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظمؒ پاکستان میں سب کے لئے یکساں اور برابر کے مواقع چاہتے تھے۔قائدؒ کا پاکستان ایک خوشحال، پرامن، روشن اور مساوات پر مبنی پاکستان ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ایسے ہی خوشحال پاکستان کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قائداعظمؒ کے فرمودات اور جدوجہد سے آگاہ کرنے کے لئے یوم قائدؒ کو بھرپور طریقے سے منانا ضروری ہے ۔ڈی جی والڈ سٹی لاہور اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے یوم قائدؒ کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقریبات، پروگرامز اور انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، جہانگیر خانزادہ، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی جی والڈ سٹی لاہور، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :