اور نج لائن میٹر ٹرین منصوبے پر تاخیر کا ازالہ محنت سے کام کر کے کرنا ہے، جتنا بڑا چیلنج ہے اتنی ہی محنت سے کام کرنا ہوگا‘شہبازشریف

متعلقہ ادارے انتہائی قریبی رابطہ رکھتے ہوئے تعمیراتی کام کو تیزی سے آگے بڑھائیں، سب ایک ٹیم کے طو رپر کام کریں یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کو با وقار ، محفوظ اور پائیدار سفری سہولتیں ملیں گی میں ذاتی طور پر منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لوں گا‘وزیراعلی کا پنجاب ہائوس اسلام آباد سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلا س سے خطاب

منگل 12 دسمبر 2017 19:32

اور نج لائن میٹر ٹرین منصوبے پر تاخیر کا ازالہ محنت سے کام کر کے کرنا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین پوری پاکستانی قوم کا منصوبہ ہے اور ہم نے اس منصوبے کو قومی جذبے کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے،تاخیر کا ازالہ محنت ، محنت اور محنت سے کام کر کے کرنا ہے۔ جو ہوگیا سو ہو گیا، اب آگے کا سوچنا ہے اورمنصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کرنا ہے،مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے میں بے پناہ تاخیر ہوچکی ہے، جن سیاسی عناصر کے باعث تاخیر ہوئی، انہیں عام آدمی کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں، ہم نے عام آدمی کے لئے یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اب نئے جذبے، عزم اور محنت سے کام کرکے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے، جتنا بڑا چیلنج ہے اتنی ہی محنت سے کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے یہ بات پنجاب ہائوس اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،جس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سول، الیکٹریکل اینڈ مکینیکل کاموں کی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کو با وقار ، محفوظ اور پائیدار سفری سہولتیں ملیں گی-وزیراعلی نے ہدایت کی کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر 24 گھنٹے کام کیا جائے۔ منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز اور ٹیکنیشنز کیلئے موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

ورکرز کو کام کے دوران ہیلمٹ پہنایا جائے اور حفاظتی اقدامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کا تساہل برداشت نہیں کروں گااور عدالت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ وزیراعلی نے کہاکہ پیکیج ون اور پیکیج ٹو کے بقیہ کاموں کی جلد تکمیل کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں اورمتعلقہ ادارے آپس میں انتہائی قریبی رابطہ رکھتے ہوئے تعمیراتی کام کو تیزی سے آگے بڑھائیں۔

انہوں نے کہاکہ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے اور آپ سب نے ایک ٹیم کے طو رپر کام کرنا ہے۔ اپنی کاوشوں کو دوگنا کر دیں اور پوری توانائیاں منصوبے کی تکمیل کیلئے صرف کریں۔ اب آپ نے انتہائی تیزی سے پختہ عزم اور سچے جذبوں کے ساتھ کام کرنا ہے۔ قوم کو کچھ کرکے دکھانے کے لئے آپ کے پاس یہ سنہری موقع ہے۔ چیلنج قبول کرکے آگے بڑھیں اور نتائج دیں۔ میں ذاتی طور پر اس منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔

وزیراعلی نے اجلاس کے شرکاء کو یہ شعر بھی سنایا ؐؐ’’مسافر شب کو اٹھتا ہے …جو جانا دور ہوتا ہے ‘‘-مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، ڈی جی ایل ڈی اے، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب تھرمل پاور لمیٹڈ، نیسپاک کے حکام، کنٹریکٹرز اور چائنہ ریلوے۔ نورینکو کے عہدیداران لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :