پرنٹنگ پریس آف پاکستان میں ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے سینیٹ میں وقفہ سوالات کیلئے جوابات پرنٹ نہ ہونے پر چیئرمین سینیٹ شدید برہم

حکومت کو جلد ازجلد پرنٹنگ پریس آف پاکستان کے ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت کردی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے پارلیمنٹ مفلوج ہو چکی ہے، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ناقابل برداشت ہے ، حکومت ملازمین کی تنخواہیں جلد از جلد ادا کرے، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی

منگل 12 دسمبر 2017 19:11

پرنٹنگ پریس آف پاکستان میں ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے سینیٹ میں وقفہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء) پرنٹنگ پریس آف پاکستان میں ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے سینیٹ میں وقفہ سوالات کیلئے جوابات پرنٹ نہ ہونے پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی شدید برہم ،حکومت کو جلد ازجلد پرنٹنگ پریس آف پاکستان کے ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت کردی، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے پارلیمنٹ مفلوج ہو چکی ہے، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ناقابل برداشت ہے ، حکومت ملازمین کی تنخواہیں جلد از جلد ادا کرے ۔

منگل کو سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات موخر کرنے کیلئے وفاقی وزیر پارلیمانی شیخ آفتاب احمد نے تحریک پیش کی اور کہا کہ پرنٹنگ پریس آف پاکستان کے ملازمین گزشتہ دو روز سے ہڑتال پر ہیں ، میں نے پاکستان پرنٹنگ پریس کے ایم ڈی کو ابھی طلب تھا ان کا کہنا ہے کہ اڑھائی ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں نہیں دی گئیں جس کی وجہ سے وہ ہڑتال پر ہیں ۔

(جاری ہے)

ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سمری بجھوا دی ہوئی ہے ۔

سمری کی منطوری پر ملازمین کی تنخواہیں ادا کردی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ پرنٹنگ پریس آف پاکستان ایک خود مختار ادارہ ہے ۔ پرنٹنگ پریس کی مشنری بہت پرانی ہو چکی ہے جسکی وجہ سے ان کا کاروبار شدید متاثرہوا ہے جبکہ سرکاری ادارے بھی ان کو بہت کم بزنس دیتے ہیں ۔ پرنٹنگ پریس آف پاکستان نے جدید مشنری خریدنے کا کام شروع کردیا ہے ، بہت جلد نئی مشنری خرید لیں گے ۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ ایک یا دودن کا نہیں ، آج کل مہنگائی کا زمانہ ہے ، غریب مزدور کو دو ماہ تنخواہ نہ ملے تو وہ گھر کیسے چلائے گا، پرنٹنگ پریس ملازمین کی اڑھائی ماہ سے تنخواہ رکی ہوئی ہے وہ اپنا گھر کیسے چلائیں گے ، ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کرنا ناقابل قبول ہے ۔

ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات نہیں ہوسکا اور آج سینیٹ میں بھی یہی ہوا ہے ۔ ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے پارلیمنٹ مفلوج ہو چکی ہے ۔چیئرمین سینیٹ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعظم سے فوری طور پر رابطہ کریں اور سمری منطور کروائیں ۔ ملازمین کی ہڑتال ختم ہوجانی چاہئیے اور (آج) بدھ کو سینیٹ میں وقفہ سوالات ہونے چاہیئں ۔