ملکی معیشت موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے مستحکم ہوئی ہے،

پاکستان کے بیرونی ممالک سے تجارتی روابط بڑھے ہیں،معیشت کا پہیہ چلتا رہے تو ملک ترقی کی طرف بڑھے گا گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کی سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو

منگل 12 دسمبر 2017 18:50

ملکی معیشت موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے مستحکم ہوئی ہے،
لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف مستحکم ہوئی ہے بلکہ سازگار حالات کی وجہ سے پاکستان کے بیرونی ممالک سے تجارتی روابط بھی بڑھے ہیں،حکومت کا یہ پختہ یقین ہے کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے گاتو ملک ترقی کی طرف بڑھے گا،ان خیالات کا اظہارانہوں نے یہاںگورنر ہائوس لاہور میں سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 24رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے شیخ محمد نوید اقبال کی قیادت میں ان سے ملاقات کی،گورنر پنجاب نے کہاکہ یہ امر انتہائی خوش آئندہی نہیں بلکہ ایک واضح حقیقت ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے مسئلے لوڈشیڈنگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا ہے اور صنعتکاروں ، تاجروں اور کاروباری طبقہ کے اس دیرینہ مطالبے کو ان کی خواہشوں کے مطابق حل کرنے میں کامیاب بھی ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ تاجر برادری قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور کاروباری سرگرمیوں میں وسعت کی وجہ سے لوگوں کیلئے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں،گورنر نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور موجودہ حکومت ذاتی عناد سے بالاتر ہوکر قومی مفاد کو سرفہرست رکھے ہوئے ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو نہ صرف بنیادی ضروریات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے بلکہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں،اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا،گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت تاجروں کے مسائل کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل کو یقینی بنائے گی۔