چار برسوں میں 25ارب روپے کی لاگت سے 20گرڈ اسٹیشنزاپ گریڈ اور 6 ارب روپے سے جاری منصوبے مکمل کئے،

پہلے 18سے 20گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اب 95فیصد گرڈ اسٹیشنز پر لوڈ شیڈنگ زیرو ہے،سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی کاوشوں سے ملک میں ساڑھے 8ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں آئی ، مارچ تک مزید 4ہزار میگا واٹ شامل کریں گے، ڈیڑھ سال کا کام آئندہ اپریل تک مکمل کیا جائے گا،وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن عابد شیر علی کا کھلی کچہری سے خطاب

منگل 12 دسمبر 2017 18:49

چار برسوں میں 25ارب روپے کی لاگت سے 20گرڈ اسٹیشنزاپ گریڈ اور 6 ارب روپے ..
لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن عابد شیر علی نے کہا ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں 25 ارب کی لاگت سے 20 گرڈ اسٹیشن اپ گریڈ کئے گئے جبکہ 6 ارب سے جاری منصوبے مکمل کئے،پہلے 18سے 20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اب 95فیصد گرڈ اسٹیشنز پر لوڈ شیڈنگ زیرو کر دی ہے باقی فیڈرز پر کام جاری ہے،سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کاوشوں سے ملک میں ساڑھے 8ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں آئی اور مارچ تک 4ہزار میگا واٹ مزید شامل کریں گے، ڈیڑھ سال کا کام آئندہ مارچ، اپریل تک مکمل کریں گے،وہ منگل کے روز لیسکو آفیسرز کلب سید پور گرڈ اسٹیشن ملتان روڈ پر لیسکو صارفین کیلئے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے،انہوں نے صارفین کی شکایات سننے کے بعد مسائل کے فوری اور بروقت ازالہ کیلئے ہدایات جاری کیں،عابد شیر علی نے کہا کہ لاہور کے بعد گوجرانوالہ، جہلم اور پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں کھلی کچہری لگائیں گے، اگرکسی صارف کے ساتھ زیادتی ہو گی تو محکمہ کی طرف سے ازالہ بھی کریں گے،انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کا سرپرائز وزٹ کروں گا، اگر کسی صارف کی شکایت کا ازالہ نہیں ہو گا تو ذمہ دار افسران ہوں گے،عابد شیر علی نے کہا کہ لیسکو میںاگر کسی صارف سے کوئی پیسے مانگتا ہے تو بتائیں چند پیسوں کیلئے ادارے کو بدنام کرنے والوں کا احتساب ہو گا،انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کاوشوں سے ملک میں ساڑھے 8ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں آئی اور مارچ تک 4ہزار میگا واٹ مزید شامل کریں گے، ڈیڑھ سال کا کام مارچ، اپریل تک مکمل کریں گے،یہ فرق ہے ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کا جنہوں نے ملک کے اداروں کا خون چوس لیا ہے جس کا سارا بوجھ ن لیگ کی حکومت نے اٹھایا ہے،انہوں نے کہا کہ جتنی ستر سال میں بجلی پیدا ہوئی اتنی صرف چار سالوں میں ہمارے دور میں بنائی گئی جس سے لوڈ شیڈنگ ایک خواب رہ جائیگی،ہم نے اندھیروں کو اجالوں میں تبدیل کر دیا‘عابد شیر علی نے کہا کہ آئندہ مارچ تک سسٹم اپ گریڈ ہو جائے گا، کے پی کے میں بھی ملک بھر کی طرح اجالے کریں گے،اووربلنگ کی شکایات کے حوالے سے وزیر مملکت نے کہا کہ اوور بلنگ میں عملہ شامل ہوا تو سزا دیں گے‘محکمے کی بدنامی کا سبب بننے والوں کے خلاف کاررائی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پچھلے پانچ سالوں سے گھر بھیجنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ایان علی نے زرداری کے پیسے باہر پہنچائے، زرداری نے سوئٹزرلینڈ کے اکاونٹ بھرے ،شرجیل میمن نے پانی بیچ کرسندھ کی عوام کا پیسہ لوٹا،آصف علی زرداری ملک کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، زرداری نے ایان علی سے ڈانس تو سیکھ لیا ہے اب لوٹے پیسے کا حساب بھی دیں،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کے پاس ہے کیا ان کی تو سائیکل بھی چوری ہو گئی ہے، شیخ رشید بیجمالو ہے جس کا سیاست میں کردار ختم ہو گیا ہے،انہوں نے کہا کہ سیاسی کزنوں پر انا للہ پڑھوں گا،انہوں نے کہا کہ قتل و غارت کی کوئی بھی ترغیب نہیں دے سکتا،جو بھی معاملات ہوئے اس کی تحقیقات عدالت نے کی، طاہر القادری کو سیاست کرنے کا شوق ہے،قصور وار جو بھی ہو اسے سزا ملنی چاہیئے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول پر ایمان رکھتا ہوں، مجھے مسلمان ہونے کے لئے سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مذہبی انتہا پسندی کی جانب نہ بھیجا جائے، پاکستان اس وقت بہت مشکل مراحل سے گزر رہا ہے، ڈائیلاگ کے ذریعے معاملات کو حل کرنا چاہیئے،پاکستان کو شام عراق نہ بنایا جائے،ایک اور سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ نواز شریف کا اگلا پڑائو سندھ پھر کے پی کے میں ہوگا۔