سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا بل بروقت پاس نہیں ہوا تو الیکشن ملتوی کرانے کی سازش کامیاب ہوجائے گی،احسن اقبال

قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے مردم شماری کے قانون سے اتفاق کیا لیکن سینیٹ میں ہچکچاہٹ کیوں ، میڈیا سے گفتگو

منگل 12 دسمبر 2017 18:46

سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا بل بروقت پاس نہیں ہوا تو الیکشن ملتوی کرانے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا بل بروقت پاس نہیں ہوا تو الیکشن ملتوی کرانے کی سازش کامیاب ہوجائے گی۔احسن اقبال نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیوں کیلئے 5سے 6ماہ درکار ہیں ۔اس لئے ضروری ہے کہ سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا بل جلد از جلد پاس ہو۔

قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے مردم شماری کے قانون سے اتفاق کیا لیکن سینیٹ میں ہچکچاہٹ کیوں ہے کیا سینیٹ میں پی پی پی مختلف ہے یا تحریک انصاف کوئی اور ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا بل جلد پاس نہ ہوا تو ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہوں گے کہ سیاسی جماعتیں الیکشن کے التوا میں کردار ادا کررہی ہیں اور طویل دورانیے کے نگران سیٹ اپ کا آلہ کار بن رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے مزید کہا کہ یہ 2013 والا پاکستان نہیں ہے ۔آج بجلی بحران پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔کراچی میں امن بحال ہوچکا ہے ۔بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ ختم ہوچکی ہے ۔شہر کی رونقیں بحال ہورہی ہیں ۔کھیل کے میدان آباد ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرام میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہوگی ۔

خواہ ان کا تعلق کسی سے بھی ہو۔جبکہ بیرون ملک فرار مطلوب ملزمان کی حوالگی کیلئے متعلقہ ممالک سے رابطہ کیا جائے گا۔ہم امید کرتے ہیں کہ تمام ادارے ہمارے ساتھ تعاو ن کریں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے دشمن ملک میں سیاسی عداستحکام چاہتے ہیں ۔جمہوری قوتوں کو پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے ۔ہم سب کو مل کر کراچی کو پرامن اور ملک کا اقتصادی انجن بنانا چاہیے۔