پارٹی کے کئی رہنما مجھ سے رابطے میں ہیں اس کا یہ مطلب نہیں قیادت سے اختلافات ختم ہوچکے ،غوث علی شاہ

شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور مریم نواز سے ملاقات کے امکان کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ،ناراض مسلم لیگی رہنما کی میڈیا سے گفتگو

منگل 12 دسمبر 2017 18:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ناراض رہنما سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی کے کئی رہنما مجھ سے رابطے میں ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ قیادت سے اختلافات ختم ہوچکے ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور مریم نواز سے ملاقات کے امکان کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوںنے منگل کو لاہور روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

سید غوث علی شاہ نے کہا کہ اقتدار کبھی میری منزل نہیں رہا ہے ۔میں نواز شریف اور شہباز شریف سے پرانا مسلم لیگی ہوں ۔ساری زندگی پاکستان کی خدمت کرتے گذری ہے ۔مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے سیاست کرتا رہا ہوں ۔بڑے بڑے لوگ اقتدار کی خاطر پارٹی کے چھوڑ گئے لیکن میری وفاداری سے مخالفین بھی معترف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ لاہور نجی دورے پر جارہا ہوں ۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف حمزہ شہباز اور مریم نواز سے ملاقات کے امکان کے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔مسلم لیگ کے رہنمائوں سے جب بھی ملاقات کرونگا میڈیا کو آگاہ کرونگا۔پارٹی کے کئی رہنما مجھ سے رابطے میں ہیں اس کا یہ مطلب نہیں کہ قیادت سے اختلافات ختم ہو چکے ہیں۔مریم اور حمزہ ابھی بچے ہیں وہ مجھے پارٹی میں لانے لے لئے آمادہ نہیں کرسکتے۔اگر ن لیگ نے مجھ سے رابطہ کرنا ہوتا تو نواز شریف براہ راست کرتے۔ہمیں رابطوں کے لئے دوسرے فریق کی ضرورت نہیں ۔