پیمرا کی ڈرامے میں ناشائستہ مواد دکھانے پر کے ٹی این انٹرٹینمنٹ کو ناظرین سے معذرت نشر کرنے کی ہدایت

منگل 12 دسمبر 2017 17:49

پیمرا کی ڈرامے میں ناشائستہ مواد دکھانے پر کے ٹی این انٹرٹینمنٹ کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا ) نے نجی ٹی وی چینل کے ٹی این انٹرٹینمنٹ کو مورخہ یکم نومبر 2017کو ٹی وی ڈرامے ’درداں جُودریا‘ میں ناشائستہ مواد (غیر اخلاقی مکالمہ) دکھانے پر مورخہ 15دسمبر 2017تک ناظرین سے معذرت نشر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مذکورہ ڈرامہ نشر ہونے کے بعد پیمرا نے مورخہ 13نومبر 2017کو کے ٹی این انتظامیہ کو ایک اظہار وجوہ نوٹس جاری کیا تھا اور سات یوم یعنی 20نومبر تک اپنا موقف جمع کروانے اورپیمرا شنوائی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دیا تھا ۔

بعد ازاں چینل انتظامیہ کے جواب کا جائزہ لینے اور نمائندے کو سننے کے بعد کمیٹی اس نتیجہ پر پہنچی کہ مندرجہ بالا نشر کیا جانے والا مواد نہ صرف پیمرا ضابطہ اخلاق برائے الیکٹرانک میڈیا 2015کی صریحاً خلاف ورزی ہے بلکہ معاشرے کی عمومی اخلاقی اقدار کے بھی بر عکس ہے۔

(جاری ہے)

ریگولیٹر نے چینل انتظامیہ کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ مستقبل میں ایسی کسی خلاف ورزی سے بچنے کے لئے ادارہ جاتی نگران کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے اور اس کی تفصیلات دو ہفتوں میں پیمرا کو فراہم کی جائیں۔ مستقبل میں اس نوعیت کی خلاف ورزی یا احکام کی عدم پیروی کی صورت میں پیمرا قوانین کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :