14دسمبر کو منہاج القرآن میں ہونیوالے وکلاء کنونشن میں (ق)لیگ کے وکلاء کی بھرپور شرکت کا فیصلہ

ختم نبوت کے معاملہ پر کوئی مسلمان سمجھوتہ نہیں کر سکتا، ابھی شروعات ہے مزید استعفے آئیں گے‘ چودھری پرویزالٰہی

منگل 12 دسمبر 2017 17:37

14دسمبر کو منہاج القرآن میں ہونیوالے وکلاء کنونشن میں (ق)لیگ کے وکلاء ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ختم نبوتؐ کے معاملہ پر کوئی مسلمان سمجھوتہ نہیں کر سکتا، ن لیگ کے اندر جو عاشقان رسولؐ موجود ہیں انہوں نے آہستہ آہستہ استعفے دینے شروع کر دئیے ہیں جو ابھی آغاز ہے مزید استعفے آئیں گے، ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے ہر محاذ پر ساتھ ہیں۔

وہ اپنی رہائش گاہ پر سانحہ ماڈل ٹائون رپورٹ پر قانونی مشاورت کیلئے طلب کیے گئے سینئر وکلاء کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اجلاس میں سابق صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عامر سعید راں، صدر مسلم لیگ وکلاء ونگ عالمگیر ایڈووکیٹ، جہانگیر اے جھوجہ، ارشد جھوجہ ایڈووکیٹ، رانا اسد منیر ایڈووکیٹ، رافع احمد خان ایڈووکیٹ اور چودھری عبدالرزاق ایڈووکیٹ موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متاثرین ماڈل ٹائون کو انصاف دلانے کیلئے قانونی پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14دسمبر بروز جمعرات منہاج القرآن میں ہونیوالے وکلاء کنونشن میں پاکستان مسلم لیگ کے وکلاء بھرپور شرکت کریں گے۔