پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ملک اور خطے سے دہشت گردی

کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی

منگل 12 دسمبر 2017 17:30

پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ملک اور خطے سے دہشت گردی کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے واقعہ میں پاک فوج کے سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور ایک جوان بشارت شہید ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی شہادت پر پوری قوم سوگوار ہے اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہم ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہے۔ پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ سیکورٹی فورسز اور پاک فوج کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاک فوج کی عزت و وقار میں کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک اور خطے سے دہشت گردی کو اکھاڑ پھینکنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔