بھارت بڑے منظم انداز میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے،

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر زندگی مزید تنگ کر دی ، انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، دُنیا کی بڑی نام نہادجمہوریت اور سیکولر ملک ہونے کے دعویدارنے انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی حریت رہنمائوں کو نظر بند اور قید کرنے کا سلسلہ جاری رکھا وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کا بیان

منگل 12 دسمبر 2017 17:14

بھارت بڑے منظم انداز میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے،
ٍ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی سفاکیت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر زندگی مزید تنگ کر دی ہے انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا انہوںنے کہاکہ دُنیا کی سب سے بڑی نام نہادجمہوریت اور سیکولر ملک ہونے کے دعویدار ملک بھارت نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی حریت رہنمائوں کو نظر بند اور قید کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی دن ایسانہ گزرتا جب اس کی گلیوںاور سڑکوں پر قابض بھارتی فوج کی جانب سے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کا خون نہ بہایا جاتا ہوابھی دو دن قبل مقبوضہ کشمیرکے علاقے ہندو اڑہ اور بارہمولہ میں خاتون سمیت 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت ایک بڑے منظم انداز میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کی جا سکے اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے حقائق کو دُنیا سے چھپانے کے لیے وہاں غیر جانبدارانسانی حقوق کی تنظیموں کا داخلہ بند کر رکھا ہے چند عرصہ قبل بھارت نے اسلامی ممالک کی تنظیم کے مستقل انسانی حقوق کمیشن کو بھی مقبوضہ کشمیر میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ انہوںنے کہاکہ خود بھارت کے ایک انسانی حقوق کے کمیشن نے مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبروں کی موجودگی کا اعتراف کیا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورت حال کا بخوبی انداز لگایا جاسکتا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارتی سفاک رویے اورجنگی جنون سے آزادکشمیر کے عوام بھی محفوظ نہیں ہیں اور بھارت اخلاقی طورپر اس قدر پستی کا شکار ہو چکا ہے کہ چند دن قبل اس نے ایک جنازے پر فائرنگ کرکے دوکشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ انہوںنے کہاکہ اس قسم کی سفاکیت کی دُنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں درجنوں کالے قوانین کے اطلاق پیلٹ گن کے بے ردیغ استعمال پر عالمی برادری کی خاموشی افسوس ناک ہے انہوںنے کہاکہ جب تک مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش نہیں کر لیا جاتااُ س وقت تک دُنیا امن وامان کے حوالے سے عدم استحکام کاشکار رہے گی۔

انہوںنے کہاکہ عالمی امن میں امریکہ کا بڑا کردار ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ امریکی اقدامات دُنیا میں امن کی بجائے دُنیا کو خوفناک تصادم کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلحکومت تسلیم کرنے سے مشرق وسطی میں امن کا عمل پار ہ پارہ ہو چکاہے اور پوری دُنیا امریکہ کے اس عمل پر سہراپا احتجاج ہے انہوںنے کہاکہ دُنیا میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا جلد ازجلد حل ڈھونڈا جائے۔

انہوں نے کہاکہ 21 ویں صدی کے اس دور میں تمام ممالک کی ترقی وخوشحالی ایک دوسرے سے مشروط ہے ۔انہوںنے کہاکہ اپنی سرحدوں پر امن واستحکام اور ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات استوار کرکے ہی ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی روش اور مذموم منصوبوں کو ترک کرکے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اُن کا حق خود ارادیت دینا چاہیے تاکہ پورے جنوبی ایشیاء کے اربوں عوام بھی ترقی وخوشحالی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :