پاکستان میں مقیم چینیوں کو جرائم میں ملوث ہونے پر پاکستان کے قانون کے مطابق سزا کا سامنا کرنا پڑے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 12 دسمبر 2017 16:40

پاکستان میں مقیم چینیوں کو جرائم میں ملوث ہونے پر پاکستان کے قانون ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 دسمبر۔2017ء) محکمہ داخلہ پنجاب اور چینی کونسل جنرل کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت پاکستان میں مقیم چینیوں کو جرائم میں ملوث ہونے پر پاکستان کے قانون کے مطابق سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔پاکستان میں مقیم چینی شہریوں میں سے چند جھگڑوں اور فراڈ جیسے جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں جس کی وجہ سے قانونی مسائل پیش آرہے تھے۔

اس معاملے کو ایڈیشنل سیکرٹری اور وائس کونسل جنرل آف چائنا کی صدارت میں وزارت داخلہ میں ہونے والے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں زیر غور لایا گیا تھا۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ جرم کا ارتکاب کرنے والے پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کی تفصیلات لاہور میں چینی کونسل جنرل کو فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چینی کونسل جنرل نے اپنے شہریوں کا جرائم میں ملوث ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر جرائم میں ملوث افراد کو ٹرائل کے بعد پاکستان کے قانون کے مطابق سزا دی جاتی ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے سینیئر پولیس حکام نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی جانب سے کوئی بڑا جرم اب تک سامنے نہیں آیا ہے تاہم ان افراد کا زیادہ شراب پینا ایک معمولی جرم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب بھی کسی چینی کو شراب کے نشے میں پکڑا جاتا ہے تو اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا جاتا ہے جہاں اس کی حالت بہتر ہونے کے بعد ہم اسے واپس چھوڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی چینی شہری کو کسی جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف پاکستانی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جبکہ یہ قانون صرف چینی باشندوں کے لیے نہیں بلکہ تمام بیرون ممالک سے آنے والے افراد کے لیے ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے مہینے میں دو چینی شہریوں کو پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اے ٹی ایم اسکمنگ فراڈ کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :