ڈالرکی قیمت کو پر لگ گئے 112روپے پر پہنچ گیا‘روپے کی قدرمیں کمی آئی ایم ایف کی ہدایت پر کی جارہی ہے-ملک میں مہنگائی کا شدید طوفان آئے گا جبکہ بااثر طبقات اور برآمدکندگان خوش ہیں کہ انہیں اس ہیرپھیر میں اربوں روپے کمانے کا موقع ملے گا-ماہرین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 12 دسمبر 2017 15:59

ڈالرکی قیمت کو پر لگ گئے 112روپے پر پہنچ گیا‘روپے کی قدرمیں کمی آئی ایم ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 دسمبر۔2017ء) حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے روپے کی قدر گرنے کا عمل تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور آج ڈالرکا ایکسچینج ریٹ 112روپے تک پہنچ گیا ماہرین کے مطابق ڈالرکی قدر میں اضافے اور روپے کی قدرمیں مسلسل کمی سے مہنگائی کا ایک شدید طوفان آئے گا-تفصیلات کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

انٹر بینک میں ڈالر 111.25 کے ساتھ مزید مہنگا ہوگیا ہے۔ جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 112 روپے تک جا پہنچی ہے۔تین روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں 7 روپے تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پچھلے چار سالوں کے دوران مسلم لیگ نون کی حکومت میں پاکستان کی برآمدات مستقل گر رہی ہیں اور درآمدات تیزی سے بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ چار سال چار ماہ میں 107 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم کے ذریعے اسے کم کرنے کی کوشش کی گئی تاہم پھر بھی جاری کھاتے کاخسارہ تقریبا 22 ارب ڈالر ہو گیا۔بیرونی سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ سے پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں 5 ارب ڈالرسے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ڈالرکی قدرمیں اضافے اور روپے کی قیمت میں کمی سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور بجٹ کا خسارہ بھی بڑھ جائے گا۔

روپے کی قدرمیں کمی ایک غیر مقبول فیصلہ ہے تاہم پاکستان کا بااثر طبقہ اور برآمد کنندگان اس سے خوش ہے کیونکہ انہیں اس ہیر پھیر سے اربوں روپے کے فوائد ہونگے-کہا جارہا ہے کہ روپے کی قدر آئی ایم ایف کی ہدایت پر کی جارہی ہے اور حکومت نے 5سے 10 فیصد کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے آئی ایم ایف سے ملاقات کرنے کا عندیہ دیا ہے تاہم اگر ڈالر کی قدر اسی برق رفتاری سے بڑھتی رہی تو ملک کے معاشی حالات خراب ہوسکتے ہیں۔