چین ملکی سلامتی کے مسئلے پر ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑا رہے گا

معاشی خوشحالی کے ایجنڈ ے پر کام کریں گے ، پاک چین دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے دوسرے ملکوں تسلط جمانے یا دیگر ممالک کے مفادات کو کبھی نظرانداز نہیں کرینگے ، وانگ یا جن

منگل 12 دسمبر 2017 15:51

چین ملکی سلامتی کے مسئلے پر ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑا رہے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء) چین نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے مسئلے پر وہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور معاشی خوشحالی کے ایجنڈے پر کام کرتا رہے گا ، چین پاکستان دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے اور دونوں ممالک ترقی اورخوشحالی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے، چین اپنی نشا ة ثانیہ کے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کیلئے صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں کام کررہا ہے جنہیں ایک بار پھر چینی کمیونسٹ پارٹی کا جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے۔

ان خیالات اظہار چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمہ کے نائب وزیر وانگ یا جن نے یہاں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو حال ہی میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی 19ویں قومی کانگرس کی روشنی میں دونوں ملکوں کے درمیان سدا بہاردوستی کو فروغ دینے کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

چین کی ملکی اور بین الاقوامی تاریخی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے و انگ یا جن نے کہا کہ 19ویں قومی کانگرس نے ساری دنیا کیلئے امن اور خوشحالی کے دروازے کھول دیئے ہیں ، چین نے گذشتہ پانچ سال کے دوران مختلف شعبوں میں شاندار ترقی کی ہے اور اس کی نئی جدت اور کھلے پن کی پالیسی نے کامیابیاں حاصل کی ہیں، چین پاکستان خوشگوار تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کی پانچ سالہ نئی سفارتی پالیسی میں پاکستان کو خصوصی مقام حاصل ہے ۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کی 18ویں قومی کانگرس کے بعد چین نے اصلاحات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ 19ویں قومی کانگرس نے بھی بڑی کامیابی کے ساتھ یہ فیصلہ کیا ہے کہ غربت میں کمی اور اقتصادی ترقی کے مقاصد حاصل کئے جائیں گے،کانگرس نے فیصلہ کیا ہے کہ چین امن ، ترقی اور دوطرفہ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا ، یہ ہماری غیرملکی پالیسی ہے کہ چین انصاف ، خلوص ، دیانتداری اور اصولوں کی بنیاد پر اس پالیسی کو جاری رکھے گا ۔انہوں نے یقین دلایا کہ کچھ بھی ہو چین جتنی بھی ترقی کر جائے وہ دوسرے ملکوں پر تسلط جمانے یا دیگر ممالک کے مفادات کو کبھی نظرانداز نہیں کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :