قومی اسمبلی میں60 نکاتی ایجنڈے میں سے صرف 1 نکتہ ایوان میں پیش ہو سکا

عمرہ زائرین اور اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کو سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ میں درپیش مسائل، ملک میں مہنگائی سے پیدا ہونے والی صورتحال، پانی کے ذخائر میں اضافے کیلئے اقدامات پر بحث بھی ایجنڈے میں شامل تھی، کورم کی نشاندہی کی وجہ سے یہ تمام ایجنڈا ادھورا رہ گیا

منگل 12 دسمبر 2017 15:26

قومی اسمبلی میں60 نکاتی ایجنڈے میں سے صرف 1 نکتہ ایوان میں پیش ہو سکا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء) قومی اسمبلی میںنجی کارروائی کے دن 60 نکاتی ایجنڈے میں سے صرف 1 نکتہ ایوان میں پیش ہو سکا۔عمرہ زائرین کو درپیش مسائل اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کو سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ میں درپیش مسائل ملک میں مہنگائی سے پیدا ہونے والی صورتحال اور پانی کے ذخائر میں اضافے کے لئے اقدامات پر بحث بھی ایجنڈے میں شامل تھی تاہم کورم کی نشاندہی کی وجہ سے یہ تمام ایجنڈا ادھورا رہ گیا۔

منگل کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی وجہ سے نجی کارروائی کے دن 60 نکاتی ایجنڈے میں سے صرف 1 نکتہ ایوان میں پیش ہو سکا۔ قومی اسمبلی میں ایجنڈے پر اپوزیشن اراکین کی جانب سے مختلف بل پیش کئے جانے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے اراکین کا کھادوں کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کا توجہ دلائو نوٹس جماعت اسلامی کے اراکین کی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کی قرارداد ایم کیو ایم کے شیخ صلاح الدین کی گیس کی فراہمی کے لئے گیس لوڈ مینجمنٹ کو منطقی بنانے کی فوری اقدامات کی قرارداد ایجنڈے پر شامل تھی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ زیر قاعدہ 259 کے تحت کراچی الیکٹرک کی جانب سے پیداواری صلاحیت میں اضافے میں ناکامی اوور بلنگ اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے نیپرا کی کارکردگی زیر بحث لانے کی تحریک بھی شامل تھی۔ عمرہ زائرین کو درپیش مسائل اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کو سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ میں درپیش مسائل ملک میں مہنگائی سے پیدا ہونے والی صورتحال اور پانی کے ذخائر میں اضافے کے لئے اقدامات پر بحث بھی ایجنڈے میں شامل تھی تاہم کورم کی نشاندہی کی وجہ سے یہ تمام ایجنڈا ادھورا رہ گیا۔ اس کے علاوہ ماروی میمن کے تیزاب اور آگ سے جلانے کے جرم کا بل 2017 بھی ایوان سے منظور ہونا تھا تاہم کورم کی نشاندہی کی وجہ سے وہ بھی رہ گیا۔