تحصیل بالاکوٹ میں سید ابراہیم احمد ناظم اور سردار لیاقت کسانہ نائب ناظم کی حلف برداری تقریب پرسوں ہو گی

منگل 12 دسمبر 2017 15:18

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) تحصیل کونسل بالاکوٹ میں ان ہائوس تبدیلی پرسوں جمعرات کو ہو گی۔ تحصیل ناظم کیلئے سید ابراہیم احمد اور نائب نظامت کے عہدوں کیلئے سردار لیاقت کسانہ ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیکر اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ اس سلسلہ میں تحصیل کونسل بالاکوٹ کا اجلاس 14 دسمبر جمعرات کو دن دس بجے طلب کیا گیا ہے۔

قبل ازیں تحصیل کونسل بالاکوٹ ہی کے 16 ممبران نے اکثریت رائے سے سید ابراہیم احمد المعروف ایمی میاں کی جانب سے تحصیل ناظم حاجی رستم خان اور سردار لیاقت کسانہ کی جانب سے نائب ناظم سردار عبدالقدوس کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی پیش کردہ قراردادوں پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے انہیں ان کے عہدوں سے فارغ کیا تھا جس پر انہوں نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی اور ہائی کورٹ نے ازسرنو عدم اعتماد طریقہ کار مطابق پیش کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

(جاری ہے)

19 نومبر کو ایک بار پھر ایوان میں عدم اعتماد کی قراردادیں پیش کی گئی تھیں جن پر بحث مکمل ہونے کے بعد ووٹنگ کی گئی اور ایک بار پھر ناظم اور نائب ناظم کو ان کے عہدوں سے فارغ کردیا گیا۔ 30 نومبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق ناظم و نائب ناظم کو ان کے عہدوں سے فارغ کئے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے 14 دسمبر کو ان ہائوس ووٹنگ کا حکم دیا تھا جس پر تحصیل کونسل کا اجلاس 14 دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔