ہمارا مشن ضلع کے عوام کی بلاامتیاز اور بلاتفریق خدمت ہے، ضلع ناظم مانسہرہ

منگل 12 دسمبر 2017 15:18

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام نے کہا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان خان نے 18 سال تک ان لوگوں کو دھوکہ دیا جنہوں نے ان پر اخلاص کے ساتھ اعتماد کیا، ہر بار انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر اسمبلی میں پہنچایا، ہمارا مشن ضلع مانسہرہ کے عوام کی بلاامتیاز اور بلاتفریق خدمت ہے جس کیلئے سردار گروپ کا ہر ورکر رات دن کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

وہ دورہ چھتر پلین کے موقع پر دکھن لاچی منگ بن عبدالله اور دھمبوڑی کے مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے دھمبوڑی روڈ کی پختگی کیلئے پانچ لاکھ روپے اور دکھن روڈ کی پختگی کیلئے چھ لاکھ روپے، ہینڈ پمپ اور ترقیاتی کاموں کے اعلانات بھی کئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق ناظم چھترپلین سید وکیل شاہ، ممبر ضلع کونسل سردار حاجی عبدالقدیر، طاہر خان، پرویز علی شاہ، اخلاق حسین شاہ، لقمان شاہ، زر محمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ دکھن کے مقام پر مطلوب شاہ کی رہائش گاہ پر ضلع ناظم کا والہانہ استقبال کیا گیا اور اس موقع پر سید پرویز علی شاہ نے انہیں سپاسنامہ پیش کیا۔