ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کا وادی کونش میں مختلف علاقوں کا دورہ، غیر حاضر سٹاف کی سخت سرزنش

منگل 12 دسمبر 2017 15:18

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر مانسہرہ ایاز خان نے وادی کونش میں مختلف علاقوں کے بی ایچ یو اور آر ایچ سی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی سے غیر حاضر سٹاف کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا، ڈاکٹرز اور دیگر عملہ لوگوں کو بنیادی صحت کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایاز خان نے وادی کونش کے علاقوں جبوڑی، ڈاڈر، سچاں سمیت دیگر جگہوں پر موجود ہسپتالوں میں اچانک چھاپے مارے اور ان ہیلتھ سنٹروں میں عوام کو دی جانے والی طبی سہولیات بارے آگاہی حاصل کی۔

انہوں نے بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز میں تعینات ڈاکٹروں اور دیگر میڈیکل سٹاف کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں بسنے والے ڈاکٹرز اور سٹاف خوش اخلاقی سے مریضوں کا معائنہ کریں، ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عملہ کا ہر شخص اپنی ڈیوٹی یقینی بنائیں، ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں نوکریوں سے بھی برخاست کر دیا جائے گا۔