ٹی وی نشریات کی بندش کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت ،چیئرمین پیمرا کو نوٹس جاری

نشریات کی بندش سے شہریوں تک معلومات کی رسائی کو روکا گیا جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے‘ درخواست گزار

منگل 12 دسمبر 2017 15:13

ٹی وی نشریات کی بندش کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت ،چیئرمین پیمرا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) لاہورہائیکورٹ نے فیض آباد دھرنے مظاہرین کے خلاف آپریشن کے دوران ٹی وی نشریات کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سمیت چیئرمین پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے ایڈوکیٹ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں فیض آباد دھرنے کی نشریات روکنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا گیا کہ نشریات کی بندش سے شہریوں تک معلومات کی رسائی کو روکا گیا جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق میڈیا نے حکومت کا بھیانک چہرہ بے نقاب کیا، حقائق کی نشاندہی کرنے پر میڈیا پر پابندی عائد کی گئی۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ نشریات روکنے پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور چیئرمین پیمرا کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اسلام آباد دھرنے کے خلاف آپریشن کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر پیمرا نے تمام نیوز چینل کو بند کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ پیمرا نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015ء کے تحت براہ راست کوریج نہ کرے، اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پر ہدایات جاری کی گئیں۔ جس کے بعد کراچی، پشاور سمیت ملک بھر میں تمام چینلز کی نشریات بند کر دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :