بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ

برفباری کے باعث وادی نیلم کے علاقے شاردہ کیل تاؤبٹ کا زمینی رابطہ منقطع ،ْ لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں گیس کے شدید بحران کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ دیکھا گیا سردی کی شدت کے باعث گرم ملبوسات، خشک میوہ جات اورگرما گرم پکوانوں کا استعمال بھی بڑھ گیا کل سے کراچی میں سائبیریا کی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ،ْ شہر میں ہفتے تک سردی کی لہر جاری رہے گی ،ْ محکمہ موسمیات موٹروے ترجمان نے شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیدیا

منگل 12 دسمبر 2017 15:02

بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث ملک بھر میں سردی ..
اسلام آباد /مظفر آباد/گلگت /کوئٹہ/کراچی/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ،ْ برفباری کے باعث وادی نیلم کے علاقے شاردہ کیل تاؤبٹ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ،ْ لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا کر نا پڑا ،ْ اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں گیس کے شدید بحران کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ دیکھا گیاجبکہ سردی کی شدت کے باعث گرم ملبوسات، خشک میوہ جات اورگرما گرم پکوانوں کا استعمال بھی بڑھ گیا ،ْمحکمہ موسمیات نے کل بدھ سے کراچی میں سائبیریا کی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ہفتے تک سردی کی لہر جاری رہے گی ،ْآئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان شہر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ،ْ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ،ْراولپنڈی ،ْسرگودھا ،ْمیانوالی، گوجرانوالہ ،ْپنڈی بھٹیاں ،ْلاہوراورمضافات میں موسم سرما کی پہلی بارش نے ٹھنڈ بڑھا دی ہے جبکہ ملکہ کوہسار ،ْسوات ،ْچترال اوردیربالا کے پہاڑوں پرصبح سے برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ،ْگلیات ایوبیہ نتھیا گلی میں 6 انچ سے زائد برف پڑچکی ہے ،ْصوبائی دارالحکومت پشاور ،ْملاکنڈ ،ْ دیر ،ْ صوابی ،ْمردان ،ْچارسدہ اوردیگرشہروں میں وقفے وقفے سے بادل برستے رہے ،ْمیدانی ،ْ پہاڑی علاقوں سمیت ہرجگہ سردی کی شدت کے باعث گرم ملبوسات، خشک میوہ جات اورگرما گرم پکوانوں کا استعمال بڑھ گیا ہے ادھر وفاقی دارالحکومت ا سلام آباد ،ْ جڑواں شہر راولپنڈی اور پنجاب کے متعدد شہروں میں گیس کے شدید بحران کا سامنا رہا جس کے باعث عوام پریشان ہیں اور ہوٹلوں پر رش بڑھ گیا ہے ،ْ بلوچستان کے علاقے زیارت میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور گیس پریشر میں کمی سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کر نا۔

آزاد کشمیرکے بالائی علاقوں میں راولاکوٹ ، میرپورسمیت گلگت بلتستان کے بالائی علاقے اسکردواستورمیں رات سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا ،ْ شہرمیں 3 انچ جبکہ بالائی پہاڑوں پر2 فٹ تک برف پڑچکی ہے، لوئرکوہستان اورکولئی پالس کے مختلف دیہات میں بھی برفباری کاسلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید دوروزتک برفباری کاسلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔

سرگودھا میں ڈویژن کے چاروں اضلاع میں بارش اورٹھنڈی ہواؤں کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ،ْ بارش کی وجہ سے کئی ہفتوں سے جاری خشک سردی کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے ،ْبارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوجانے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ڈویژن کے دیگراضلاع خوشاب، میانوالی اوربھکر میں بھی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ،ْ زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے گندم اورچنے کی فصل پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سرگودھا ڈویڑن کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ادھر میانوالی، چشثیاں اور گردونواح میں شدید دھند سے ذرائع آمدورفت بری طرح متاثرہوگئی ہے ،ْبنوں اورگردونواح میں دھند سے لوگوں کوشدید مشکلات کا سامنا کر نا جبکہ حد نگاہ 5 میٹرہورہ گئی ہے، پنڈی بھٹیاں اورگردونواح میں شدید دھند حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ،ْ بہاولنگر، دریا خان، بھکر سمیت متعدد علاقوں میں شدید دھند سے حد نگاہ صفررہ گئی جبکہ ٹریفک کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا جس سے اسکول آنے والے بچوں اور ڈیوٹی پر آنے والے افراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کل بدھ سے کراچی میں سائبیریا کی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے باعث شہر میں ہفتے تک سردی کی لہر جاری رہے گی۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے میں شہر میں موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادرہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ترجمان موٹر وے کے مطابق دھند کے باعث چیچہ وطنی اورملتان سے صادق آبادتک حدنگاہ صفرسی30میٹررہ گئی ہے، قو می شاہراہ پرڈھرکی سے پنوعاقل تک بھی شدیددھند چھائی ہے، ڈھرکی سے پنوعاقل تک حدنگاہ صفرسی30میٹررہ گئی ہے۔موٹروے ترجمان نے شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا اورکہاہے کہ ضرورت پڑنے پر سفرکے دوران گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :