فلسطین میں اسرائیلی جارحیت پوری امت مسلمہ کے لئے باعث تشویش ہے ‘ سید علی گیلانی

نام نہاد مہذب اور جہوری ممالک اسرائیل کی منما نیو ں پر خاموش اور درپردہ اس دہشتگردی کے لئے ملک کی پیٹھ تھپتھپا رہے ہیں ‘ بیان

منگل 12 دسمبر 2017 14:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے فسلطین میں جاری اسرائیلی جاریت کے نتیجے میں متعدد افراد کی شہادت اور سینکڑوں لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے وحشیانہ پن اور درندگی سے تعبیر کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے بعد احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر بے تحاشا طاقت کا استعمال کسی بھی طور پر جائز نہیں ہے اور اس کے خلاف پوری امت مسلمہ کو متحد کر کے مقابلہ کرنا چاہئے ۔

انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورت حال کو امت مسلمہ کے لئے ایک بڑا المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نام نہاد مہذب اور جمہوری ممالک اسرائیل کی من مانی کارروائیوں پر نہ صرف خاموش ہیں بلکہ وہ درپردہ اس دہشتگردی کے لئے اسرائیل کی پیٹھ تھپتھپا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس وقت انسانیت کش ہتھیار تیار کر رہا ہے جس کے لئے امریکہ بھی مدد دے رہا ہے جسے کسی بھی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس وقت پوری عرب دنیا کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے اور اگر اس خطرے کی پیش بندی نہ کی گئی تو آج جس صورت حال سے فلسطین گزر رہا ہے پوری عرب دنیا اس سے بھی بدتر صورت حال سے دوچار ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے مسلمانوں کو معدنی ذخائر سے مالا مالا کر دیا تھا جس سے ان کو کافی زیادہ آمدنی حاصل ہو رہی ہے اور قرآن پاک میں مسلمانوں سے تاکید کی گئی ہے کہ قوت حاصل کرو مگر بدقسمتی سے یہ آمدنی لوگ اپنی عیاشیوں پر خرچ کر رہے ہیں اور اس آمدنی سے مسلمانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور نہ ان کے وجود کو برقرار رکھنے کے لئے وہ قوت حاصل کی جاتی ہے جو وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ ۔