سول خفیہ اداروں کا حکومت کے مخالف سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے آپریشن شروع

منگل 12 دسمبر 2017 13:35

سول خفیہ اداروں کا حکومت کے مخالف سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے آپریشن ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔12دسمبر2017ء):حکومت مخالف ممکنہ گرینڈ الائنس میں شامل ہونے والی جماعتوں پر نظر رکھنے اور ان کے اہم رہنماؤں کے پس پردہ رابطوں کے بارے میں اطلاعات حاصل کرنے کے لئے سول خفیہ اداروں کے سیکرٹ فنڈز میں اضافہ حاصل کر کے ایک مکمل آپریشن لانچ کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سول خفیہ اداروں کے فنڈز میں کمی کی وجہ سے گرینڈ الائنس میں شامل ہونے والی جماعتوں کی اطلاعات حاصل نہیں کر پا رہے تھے ۔

گرینڈ الائنس میں شامل ہونے والی جماعتوں کی نگرانی کے لئے ان کو تین کیٹگریزمیں تقسیم کیا گیا ہے ۔پیر حمیدالدین سیالوی کے تحت چلنے والی تحریک کو نمبر 1پر رکھا گیا ہے ،دوسرے نمبر پر ڈاکٹر طاہر القادر ی اور تیسرے نمبر پر دیگر چھوٹی سیاسی جماعتوں کو رکھا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیر حمیدالدین کے ساتھ ملنے والے تمام گروپس کی بھی نگرانی کی جائے گی ۔

سول خفیہ اداروں کو یہ ٹاسک بھی دیا گیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی تمام کارروائیوں کو آئندہ الیکشن تک روکنا ہے چاہے ان کے لئے کوئی بھی لائحہ عمل اپنانا پڑے ۔ذمہ دار افسروں کو یہ ڈیوٹی بھی سونپی گئی ہے کہ تحریک لبیک میں شامل ہونے والوں کے لئے نرم گوشہ رکھاجائے تا کہ کسی طرح سے اس تحریک کو توڑا جا سکے ۔ سول خفیہ اداروں کے گریڈ22کے تمام افسران اس سارے آپریشن کی نگرانی کریں گے جن کو لاتعداد اختیارات سونپے گئے ہیں ۔اس آپریشن کے لئے ان کو گاڑیاں اور جدید ٹیکنالوجی کے آلات بھی سونپے گئے ہیں