ماں نے بیٹی کو جسم فروشی کرنے پر مجبور کیا،بیٹی کی خود کشی کی کوشش

منگل 12 دسمبر 2017 12:48

ماں نے بیٹی کو جسم فروشی کرنے پر مجبور کیا،بیٹی کی خود کشی کی کوشش
فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔12دسمبر2017ء):فیصل آباد پریس کلب کے سامنے میاں بیوی نے پٹرول چھڑک کر ایک دوسرے کے ساتھ آگ لگا کر خود کُشی کرنے کی کوشش کی ۔ پریس کلب میں موجود صحافیوں نے فوری طور پر جوڑے کی جان بچائی اور معاملہ دریافت کیا تو فیصل آباد کے علاقے روز نور پور کی رہائشی شمائلہ ذوالفقار نے بتایا کہ اس کی والدہ ایک عرصے سے اس سے جسم فروشی کروا رہی تھی جس کی وجہ سے اس نے یہ انتہائی اقدام کیا۔

(جاری ہے)

شمائلہ کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے ہی علاقے کے رہائشی علی شہزاد سے کورٹ میرج کی تھی جس کا میری والدہ اور رشتے داروں کو علم ہو گیا۔ میری والدہ نے مجھے چکوال کے رہائشی شاہد اقبال کو75ہزار روپے میں فروخت کر دیا اور اس شخص نے بغیر شادی اور نکاح کے چند ہفتے میرے ساتھ گزارے چونکہ میں پہلے سے ہی شادی شدہ تھی اور حرام زندگی نہیں گزار سکتی تھی لہٰذا میں چکوال سے بھاگ کر اپنے شوہر کے پاس آگئی۔ واپس آنے پر میرے والدین میرے شوہر کو قتل کرنے کی دھمکیاں دینے لگے۔ روز روز کی دھمکیوں اور اذیت کی زندگی سے تنگ آ کر ہم نے خود کشی کا فیصلہ کیا لیکن ماچس گیلی ہونے کی وجہ سے تیلی نہ جلی اور ہم بچ گئے۔ شمائلہ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم چاہتے ہیں کہ پولیس ہمیں تحفظ فراہم کریں ۔