دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی انسانی زندگیوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی

وزیراعظم شاہد خاقان عباس کی شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی مذمت، سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار

منگل 12 دسمبر 2017 12:32

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی انسانی زندگیوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی پرزور مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے۔ وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات بلندی کے لئے دعا کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی انسانی زندگیوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جو ہماری قومی تاریخ کے اہم ترین جزو کی حیثیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے مادر وطن کی خاطر اپنے نہایت گرانقدر اثاثے کو قربان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم اپنے ملک کے دشمنوں کے خلاف جنگ میں غیور مسلح افواج کی عظیم ترین خدمات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ملک بھر سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ کر پاکستان نے دہشت گردی کی عفریت کو شکست دی ہے۔ ہم نے یہ جنگ جیتی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد اس کی باقیات کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔