پاکستان فلم انڈسٹری کی سپورٹ کیلئے ہمیں اوورسیزکمیونٹی کی خدمات حاصل کرنی چاہیے‘اداکارہ وماڈل ریچل خان

دنیا بھرمیں پاکستانی فنکاروں کے چاہنے والے ہوں گے اوران کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تابی سے منتظرہونگے‘انٹرویو

منگل 12 دسمبر 2017 12:09

پاکستان فلم انڈسٹری کی سپورٹ کیلئے ہمیں اوورسیزکمیونٹی کی خدمات حاصل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) اداکارہ وماڈل ریچل خان نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان فلم انڈسٹری کی سپورٹ کیلئے ہمیں دیارغیرمیں بسنے والی کمیونٹی کی خدمات حاصل کرنی چاہیے۔اپنے ایک انٹرویو میں ریچل خان نے کہا کہ کئی برس بیرون ملک رہنے کے باوجود بہت سے پاکستانی ایسے ہیں جواپنے ملک میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اورمزید شعبوںمیں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔

ایسے میں ہمارے نوجوان فلم میکرز کوحب الوطنی کے جذبے سے سرشار سرمایہ کاروں سے رابطہ کرنا چاہیے اورفلم کے ذریعے اپنے ملک کی سپورٹ کی جانب لانا چاہیے۔اداکارہ نے کہا کہ دیکھا جائے توہمارے پڑوسی ملک بھارت کی فلم انڈسٹری جس کودنیا کی دوسری فلم انڈسٹری کہا جاتا ہے، وہاں بھی بہت سے غیرملکیوں نے سرمایہ کررکھی ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ آج بالی وڈ کی فلمیں دنیا بھرمیں شوٹ ہونے کے ساتھ نمائش کیلئے پیش کی جارہی ہیں۔

ایک طرح سے یہ بہت اچھا قدم ہے، جس کوبھارتی فلم میکرز نے اپنایا اورآج بالی ووڈ کودنیا بھرمیں عام کردیا ہے۔ اسی فارمولا پرعمل کرتے ہوئے ہمیں بھی ایسے پاکستانیوںکی تلاش کرنی ہے، جونیک نیتی کے ساتھ اس پروفیشن میں آکر کام کریں۔ اگرایسا ہوجائے توچند برسوں کے دوران ہی پاکستان فلم انڈسٹری کا رنگ روپ بدل جائے گا۔ریچل خان نے کہا کہ دنیا بھرمیں پاکستانی فنکاروں کے چاہنے والے ہوں گے اوران کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تابی سے منتظرہونگے۔

مگراس کیلئے بڑی محنت کی ضرورت ہے۔ یہ اس وقت تک ممکن نہیں ہوگا، جب تک اس شعبے سے عشق کرنے والے فلم میکرآگے نہیں آتے۔ انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل معیار کی ایک فلم بنانے کیلئے اب ایک یا دوکروڑ نہیں بلکہ کروڑوں روپے کی ضرورت ہے۔اداکارہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ ہمیں غیرملکی ٹیکنیشنز کی بھی خدمات حاصل کرنا ہوگی۔ یہ مشکل ضرور ہے مگرناممکن نہیں۔ اس لیے ہم سب کومثبت سوچ کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ ایک دن ایسا ضرور آئے گا، جب پاکستانی فلم سلوراسکرین کی دنیا پرراج کررہی ہوگی اوردوسرے ملکوں کے فنکارہمارے ہاں کام کرنے کی خواہش رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :