سردیوں کی 10بیماریاں اور بچاﺅ کے آسان گھریلو ٹوٹکے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 12 دسمبر 2017 11:34

سردیوں کی 10بیماریاں اور بچاﺅ کے آسان گھریلو ٹوٹکے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 دسمبر۔2017ء) سردیاں سب کا پسندیدہ موسم ہوتا ہے کیونکہ اس میں گرمیوں کی نسبت پسینہ اور جسمانی بو سے جان چھوٹ جاتی ہے۔ جبکہ اگر اسی تصویر کا دوسرا رخ دیکھا جائے تو جلد کا پھٹنا، کھال تبدیل ہونا، کھانسی، نزلہ، زکام اور جسم کے جوڑوں والے حصوں پر کالا پن آنے کی شکایات عام ہوجاتی ہیں-اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کو 10 وہ آسان طریقے بتانے جارہے ہیں جن پر عمل کرکے آپ ان معمولی مشکلات سے باآسانی چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں اور اپنی وِنٹر کو ایک ہیپی وِنٹر میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

اگر سردیوں میں آپ کی کہنیاں بھی سیاہ پن کا شکار ہوجاتی ہیں تو پریشان نہ ہوں بلکہ صرف ایک کٹا ہوا لیموں لے کر ان پر رگڑیں اور کچھ دیر رگڑنے کے بعد اس پر موسچرائزر کریم لگالیں، کالا پن ختم ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

اگر سردیوں میں آپ کی جلد پھٹتی ہے تو باہر جانے سے قبل ہاتھوں، پیروں میں دستانے اور موزے پہنیں اور موسچرائزنگ کریم کا استعمال لازمی کریں۔

سردیوں میں ہاتھ بہت ٹھنڈے ہوجاتے ہیں جس کے باعث درد سا بھی محسوس ہونے لگتا ہے اس سے بچاو کے لئے گرم اونی دستانوں کا استعمال کریں۔ سردیوں میں ناخنوں کی حفاظت کے لئے ان پر نیل پالش لگاکر فائل کریں اگر وہ بہت نرم بھی ہیں تو ٹوٹنے سے بچے رہیں گے۔سردیوں میں جلد بھی خشک ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے اسے موسچرائز رکھنا بہت ضروری ہوجاتا ہے۔

ایسے میں موسچرائزنگ کریمیں اور لوشن وغیرہ ایک آسان حل ہیں تاہم ان چیزوں کو استعمال کرنے کا صحیح وقت رات کو سونے سے قبل ہوتا ہے۔ سردیوں اور گرمیوں دونوں میں باہر نکلنے سے قبل اپنی پاس ایک منرل واٹر یا عرق گلاب کی بوتل رکھ لیں اور تھوڑی تھوڑی دیر میں اپنی جلد کو تازگی کا احساس دلانے کے لئے دھوئیں۔ ایسا کرنے سے جلد تازہ اور چمکتی رہے گی۔

سردی میں اگر آپ نزلہ و زکام کا شکار ہوجائیں تو دودھ میں ہلدی، تھوڑا سا ادرک کا رس اور چٹکی بھر پسی کالی مرچ ملا کر پی لیں۔ ایسا کرنے سے کافی حد تک آرام ہوجائے گا۔ سردیوں میں گلے میں خراش ہونا بھی ایک عام معاملہ ہے اس کے علاج کے لئے ایک کپ پانی لیں اس میں ایک چمچ ادرک اور شہد مکس کرلیں پھر آدھا کپ گرم پانی اور آدھے لیموں کا رس بھی اس میں شامل کرلیں اور اس سے غرارے کریں، آرام آجائے گا۔

سردیوں میں ہڈیوں کے درد کے بارے میں بھی بہت سننے کو ملتا ہے۔ یہ مسلہ زیادہ تر عمر رسیدہ افراد کے ساتھ پیش آتا ہے۔ تاہم اس درد سے بچاو کے لئے بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اور ہڈیوں کو اچھی طرح ڈھانپ کر رکھیں۔ ہارٹ اٹیک موسم سرما کی ایک اہم اور مہلک بیماری ہے اس موسم میں بلڈ پریشر میں اضافہ ہوجاتا ہے جس سے دل کا دورہ پڑنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ایسے میں جہاںتک ہوسکے خود کو ڈھانپ کر نکلیں سر پر اونی ٹوپی کا استعمال کریں اور رات کو موٹے کمبل کا استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :