کویت میں نئی کابینہ کی حلف برداری، شیخ جابر المبارک الصباح وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار

منگل 12 دسمبر 2017 11:37

کویت سٹی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) کویت کی 16 رکنی نئی کابینہ نے حلف اٹھالیا۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح نے کابینہ میں شامل وزراء سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ امیر کویت نے اس سے قبل ایک حکم نامے کے ذریعے نئی کابینہ کے وزراء کی منظوری دی تھی۔ انھوں نے شیخ جابر المبارک الصباح کو وزیر اعظم برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے وزارت دفاع کا منصب اپنے بڑے بیٹے شیخ ناصر الصباح الاحمد الصباح کو سونپا ہے، وہ اول نائب وزیراعظم بھی ہوں گے۔ 69 سالہ شیخ ناصر کو پہلی مرتبہ کسی وزارت کا قلم دان سونپا گیا ہے۔ نئی کابینہ میں نو نئے چہرے شامل ہیں، تیل اور خزانے کی وزارتوں کے قلم دان بھی نئے وزراء کو سونپے گئے ہیں۔ تیل کے شعبے سے وابستہ ایک سابق اعلیٰ عہدیدار بخیت الرشیدی کو سبکدوش کابینہ میں شامل اعصام المرزوق کی جگہ نیا وزیر تیل مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کویت کی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے سابق سربراہ نیفال الحجرف کو وزارت خزانہ کا قلم دان سونپا گیا ہے، ان کے پیش رو انس الصالح کو وزیر مملکت برائے کابینہ امور بنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کویت کی سابق کابینہ 30 اکتوبر کو وزیر مملکت برائے کابینہ امور شیخ محمد عبداللہ المبارک الصباح کے خلاف پارلیمان میں عدم اعتماد کی تحریک کے بعد مستعفی ہوگئی تھی۔