دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے، ڈاکٹر علی لاریجانی

منگل 12 دسمبر 2017 11:35

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ 2 ایٹمی بجلی گھر بنانے کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے روسی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے تعاون سے دو نئے ایٹمی بجلی گھر بنائے جانے کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے اور سرمایہ کاری سمیت دیگر معاملات پر ایران و روس کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روسی حکومت کے ساتھ ایران کے اسٹریٹیجیک تعلقات ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ملکوں نے مل کر اقدامات انجام دیئے ہیں جن کے اثرات کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ایرانی سپیکر نے داعش کے خلاف جنگ میں ایران اور روس کے کامیاب تعاون کے بارے میں کہا کہ روس نے ایک طاقتور ملک کی حیثیت سے شام کے اندر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور اس میدان میں ایران اور روس کا تعاون مثبت رہا ہے۔انہوں نے ایران کی میزائل ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں میں اضافے کے بارے میں کہا کہ ایران اپنے دفاع اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے اپنی دفاعی توانائیوں میں اضافہ کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :