Live Updates

کچھ سیاسی جماعتیں کسی بھی طرح اقتدار میں آنے کے لیے جلد بازی کر رہی ہیں،

2014ء میں تحریک انصاف کے دھرنے کا مقصد منتخب جمہوری حکومت اور وزیراعظم کو کمزور کرنا تھا،وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 11 دسمبر 2017 23:05

کچھ سیاسی جماعتیں کسی بھی طرح اقتدار میں آنے کے لیے جلد بازی کر رہی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2013ء میں اقتدار سنبھالتے ہی ملک کو درپیش بڑے مسائل پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات کیے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ 4 سالوں میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور ملک میں توانائی بحران سمیت دہشت گردی پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر کام شروع کرنے کا کریڈٹ بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی کو جاتا ہے جو فاٹا کے عوام کی شکایات کے حل میں مدد دے گا اور انہیں ان کے بنیادی حقوق مل سکیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں کافی حد تک کام مکمل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو 5 سال کے لیے منتخب کیا ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جمہوریت کے ذریعے عوام کی بالادستی قائم کرے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد عام انتخابات کا بروقت انعقاد چاہتی ہے۔ خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ حکومت عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے حلقہ بندیوں کے بل کو سینٹ سے پاس کروانے کے لیے کوشاں ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں کسی بھی طرح اقتدار میں آنے کے لیے جلد بازی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دئیے جانے والے دھرنے کا حقیقی مقصد جمہوری طریقے سے منتخب کردہ حکومت اور وزیراعظم کو کمزور کرنا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات