چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبا وطالبات سے من مانی فیسیں صول کرنے سے متعلق خبر پر از خود نوٹس لے لیا، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے رجسٹرار سے ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ طلب

پیر 11 دسمبر 2017 23:05

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبا وطالبات سے من مانی فیسیں صول کرنے سے متعلق خبر پر از خود نوٹس لیتے ہوئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے رجسٹرار سے اس حوالے سے ایک ہفتہ کے اندر اندر رپورٹ طلب کرلی ہے، فاضل چیف جسٹس نے سوموار کے روز یہ از خود نوٹس ایک میڈیا رپورٹ پر لیا ہے جس میں بیان کیا گیا ہے کہ ملک میں نجی میڈکل کالجوں میں داخلے کے حوالے سے کوئی یکساں پالیسی یا طریقہ کار مقرر نہیں ہے ،جن طلباء کو سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلہ نہیں ملتا ،ان کے والدین فوری طور پر نجی میڈیکل کالجوں سے رجوع کرتے ہیں ،جہاں ان سے من مانی فیسیں وصول کی جاتی ہیں ، فاضل چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیتے ہوئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے رجسٹرار سے نجی کالجوں میں داخلے کے طریقہ کار، فیس شیڈیول اور زیادہ سے زیادہ فیس کی وصولی کی حد،نجی میڈیکل کالجوں کو ریگولیٹ کرنے اور فیس کی وصولی کے حوالے سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے کردار اور اس حوالے سے موصول ہونے والی شکایات پر اب تک نجی میڈیکل کالجوں کے خلاف لئے جانے والے ایکشن سے متعلق ایک ہفتہ کے اندر اندر رپورٹ طلب کرلی ہے۔