سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کیخلاف العزیزیہ سٹیل ملز اورفلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت،

استغاثہ کے دو گواہوں پر جرح مکمل،مزید دو گواہوں کو 19دسمبر کو طلب کر لیا گیا

پیر 11 دسمبر 2017 23:05

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کیخلاف العزیزیہ سٹیل ملز اورفلیگ شپ ریفرنسز میں استغاثہ کے دو گواہوں پر جرح مکمل ہونے پر مزید دو گواہوں کو بیانات قلم بند کرانے کے لئے 19دسمبر کو طلب کر لیا ہے ۔

پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز حاضری سے استثنیٰ کے با عث پیش نہ ہوئے جبکہ ممبر قومی اسملبی کیپٹن(ر) محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے ۔سابق وزیر محمد نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے گواہ ملک طیب پر جرح مکمل کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کے پاس جو لوگ چیک لاتے تھے کیا آپ انہیں ذاتی طور پر جانتے ہیں آپ نے صرف دستیاب دستاویزات کو پڑھ کر بیان دے دیاہے کچھ دستاویزات کے علاوہ باقی آپ نے تیار کیں نہ آپ کی موجودگی میں تیار ہوئیں۔

(جاری ہے)

ملک طیب نے بتایا کہ جو لوگ چیک لاتے تھے وہ انہیں ذاتی حیثیت میں نہیں جانتے، جو ریکارڈ ان کے پاس تھا اسی کے مطابق بیان دیا ہے۔دوسرے گواہ آفاق احمد نے بھی اپنا بیان قلمبند کرایا۔خواجہ حارث نے دونوں گواہوں پر جرح مکمل کرلی جس پر عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں ہی مزید 2گواہوں یاسر شبیر اور شکیل انجم کو طلب کرتے ہوئے سماعت 19دسمبر تک ملتوی کر دی۔