صوبائی وزیر بلدیات نے اہم سڑکوں اور بازاروں میںجاری تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدائت کر دی

پیر 11 دسمبر 2017 22:59

سیالکوٹ ۔11دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء)صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ میونسپل کارپوریشن اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کوہدایت کی ہے کہ وہ شہر اقبال ؒ کی اہم سڑکوں اور بازاروں میں ٹف ٹائیلز لگانے اورجاری تعمیراتی کاموں کو مفاد عامہ میں جلد از جلد مکمل کریں تاکہ شہریوں کے آمدروفت میں کوفت کاسامنا نہ کرنا پڑے ‘ میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو دور کروائیں اور پید ل چلنے والے شہریوں کیلئے فٹ پاتھ کو بھی کلیئر کرنے کیلئے اقدامات کرے جبکہ ٹریفک کی روانی کیلئے ٹریفک پولیس کے حکام اپنی ذمہ داریاں پوری کریںاور اس سلسلہ میں غفلت یا کوتاہی ہر گز نہ برتی جائے ۔

(جاری ہے)

یہ ہدایات انہوں نے میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ توحید اختر چودھری اور دیگر بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر شہر کے مختلف چوکوں اور خراب سائن بورڈ کی مرمت کروائیں اور ان کو چالو کریں ۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ کو انتظامیہ کے ساتھ ملکر شہریوں کو معیاری سہولیات زندگی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی کلیدی کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اداروں کے قیام کا مقصد ہی عوام کو معیاری سہولیات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو بھی ہدایت کی کہ وہ شہر کی اہم سڑکوں سے کوڑا کرکٹ کو لفٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اندرون محلوں سے صفائی اور کوڑا کرکٹ بروقت لفٹنگ کے آپریشن کو بہتر بنائیں۔