نواز شریف کی قیادت میں ملک سے لوڈ شیدنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا، انجینئر خرم دستگیر خان

پیر 11 دسمبر 2017 22:55

نواز شریف کی قیادت میں ملک سے لوڈ شیدنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ..
گوجرانولہ۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ لیگی حکومت نے جمہوری حکومتوں کی ناکامی کے تاثر کی روایت دفن کردی ،نواز شریف کی قیادت میں ملک کے دو سب سے گمبھیر مسائل لوڈ شیدنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا، معاشی ترقی اور دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ملک میں سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے ،دھرنوں کی سازش لیگی حکومت کے کارناموں کو دھندلا نہیں سکتی ،عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے سچی نیت سے کام کر کے گوجرانوالہ میں میڈیکل کالج ،سٹی و عزیزکراس فلائی اوور،سٹی پارکنگ پلازہ ،450بستر کے نئے اسپتال جیسے میگا پراجیکٹس کے ساتھ بنیادی انفراسٹرکچر، سیوریج و پی سی سی منصوبوں،سکولوں کی اپ گریڈیشن پر بھاری فندز خرچ کئے گئے ہیں ، مستقبل میںسرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی جانب زیادہ توجہ دی جائے گی ، ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے کو یکسرنظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ساڑھے چار سال بعد ایک بہت مختلف اوربہتر پاکستان عوام کے سامنے کھڑا ہے ، آنے والے دنوں میں متوقع سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے گوجرانوالہ ایوان صنعت و تجارت کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوںنے کہا کہ حکومت کی ان تھک کاوشوں کی بدولت اب سڑکوں گلیوں اور محلوں میں جنریٹرز کی جگہ کارخانوں کی مشینوں کی آوازیں گونج رہی ہیں اور مزدور جو لوڈشیڈنگ کے باعث سار دن فارغ رہنے پر مجبور تھے آج انہیں روزگار مل رہا ہے ، انہوںنے کہا کہ مخالفین حکومت پر تنقید ضرور کریں لیکن حکومت کے کارناموں کی پہچان اور انہیں تسلیم کرنا بھی ضروری ہے ،لیگی حکومت نے اس تاثر کو ختم کردیا ہے کہ جمہوری حکومتیں ہمیشہ ناکام ہوتی ہیں ،افواج پاکستان دیگر سکیورٹی اداروں اور عام شہریوں کی ہزاروں جانوں کی قربانیوں سے آج پاکستانی مائیں اپنے بچوں کو بلاخوف وخطر سکول بھیجنے کے قابل ہوچکی ہیں پاکستان جہاں ہر روز اوسطاًً 6دھماکے ہوتے تھے آج پر امن اور روشن ملک کے طور پر عوام کے سامنے کھڑا ہے ،انہوںنے کہا کہ گوجرانوالہ کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تبدیل کر دینے کے بعد اب مستقبل قریب میں ہمیں سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے زیادہ توجہ مرکوز کرنا ہوگی ، عوام کی سہولت اور آسانی کے لئے نادرا میگا سنٹر زیر تعمیر ہے جو چند ماہ میں مکمل ہو جائے گا ،گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیر میں کوئی رکاوٹ نہیں حکومت نے اسکے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں ،گوجرانوالہ میں انڈسٹریل لیبارٹری کے قیام کے لئے چیمبر آف کامرس کے ساتھ پورا تعاون کیا جائے گا ، خوش آئند امر ہے کہ گوجرانوالہ جیسے صنعتی شہر میں اب خراد کے کاریگر ہی نہیں ڈاکٹرز بھی بن رہے ہیں ،انہوںنے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج سے آج نہیں تو کل ہمیں نمٹنا ہی ہوگا اس مسئلے کو یکسر انداز کرنا ممکن نہیں ، اس موقع پر صدر میاں عامر عزیز ،خواجہ ضرار کلیم ،اخلاق احمد بٹ ،خواجہ عامر حسن ،نعمان صلاح الدین ،خواجہ خالد حسن، خواجہ طاہر حسن، نوشاد احمد راجپوت و دیگر بھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :