کوئٹہ، ملک میں موجودہ سیاست کی جو صورتحال نے غریب عوام کی شب و روز کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ، علی احمد کرد

کہ ہمارے ملک کی طاقتور اشرافیہ کو 22 کروڑ غریب عوام کی ذرہ بھی فکر نہیں

پیر 11 دسمبر 2017 22:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2017ء) علی احمد کرد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آج ہمارے ملک میں موجودہ سیاست کی جو صورتحال ہے اس نے یقیناً ملک اور قوم سے متعلق ہر چیز کو دائو پر لگا دیا ہے ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ جس طرح ساری دنیا میں سیاست کو عبادت کا درجہ اور مقام دیا جاتا ہے اسی طرح ہمارے ملک میں بھی اسی جذبہ اور خلوص سے کام کیا جاتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے لیکن آج جو کچھ ہورہا ہے اس نے غریب عوام کی شب و روز کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا علی احمد کرد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمارے ملک کی اشرافیہ اور مقتدر حلقوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ہمارے ملک میں اگر کسی چیز کی کوئی اہمیت اور حیثیت نہیں ہے تو وہ اس ملک کے 22 کروڑ غریب عوام ہیں ہمارے کے کرتہ دھرتا اور طاقتور اشرافیہ میں کسی کو ذرہ بھی یہ فکر نہیں کہ ملک میں آٹے اور دال کا بھائو کیا ہے اور 8/9 غریب افراد کے گھر میں چولہا کس طرح جلتا ہے بے روزگاری میں حیران کن اضافہ نے نوجوان نسل کو اس ملک سے بالکل لاتعلق کرکے رکھ دیا ہے اب یہ ملک عملاً بڑے طاقتور لوگوں ‘ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کا ملک بن چکا ہے جن کے ہاتھوں غریب عوام پر ہونے والے ظلم اور بے انصافیوں کے سامنے ہماری عدالتیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں ان پریشان کن حالات میں ہم میں ہر وہ شخص جن کی آواز میں تھوڑی بہت بھی طاقت ہے اس کو اپنی آواز اٹھانی چاہئے اور اپنا کردار ادا کرنا چاہئے مجھے ہر شخص نے بارہا کہا ہے کہ ان حالات میں مجھے عوام کے لئے اپنی آواز اٹھانی چاہئے اور تو اور مدینہ منورہ اورخانہ کعبہ میں بھی ہر ملنے والے شخص نے مجھ سے ہی بات دہرائی ہے لہٰذا میں اپنی کئی سالوں کی خاموشی اور خانہ نشیبی کو توڑ کر اپنی تمام سوچ ‘ جذبہ اور جوش و خروش کیساتھ اپنے عوام کی جدوجہد میں شامل ہونے کا اعلان کرتا ہوں اور ملک کی سیاست جو میرے نزدیک عبادت کا درجہ رکھتی ہے میں آنے کا اعلان کرتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :