رقیہ خانم سومرو 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں

پیر 11 دسمبر 2017 22:24

لاڑکانہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق ایم این اے آپا رقیہ خانم سومرو 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں جن کی نماز جنازہ میں پی پی پی کے رکن سندھ اسمبلی محمد علی بھٹو، ضلعی صدر عبدالفتاح بھٹو، سیکریٹری جنرل خیر محمد شیخ، اطلاعات سیکریٹری محمد علی بگھیو، سلیم سومرو، سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

بعد ازاں انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

مرحومہ نے سوگواران میں تین بیٹے حاجی شفقت حسین سومرو، بابو نصرت حسین سومرو، راجا نصرت حسن، دو بیٹیاں پی پی پی کی رکن سندھ اسمبلی سیما سومرو اور نصرت بیگم سومرو چھوڑی ہیں۔ دوسری جانب شفقت حسین سومرو اور دیگر سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ مرحومہ آپا رقیہ خانم سومرو پاکستان پیپلز پارٹی کی فائونڈر ممبر تھیں جنہوں نے لیاری سے سیاست کی شروعات کی، 1986 میں شہید بینظیر بھٹو کی جانب سے لیاری میں تقریب میں شرکت کی۔

مرحومہ آپا رقیہ خانم سومرو 25 سال تک پیپلز پارٹی وومن ونگ سندھ کی صدر رہ چکی ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خواتین کی مخصوص نششوں پر تین مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی بھی منتخب ہوئیں۔