نامور شاعر ، ادیب اور سینئر صحافی غلام عباس بھنبھرو کی کتاب’’ اسان ھت اکیلا ‘‘کی تقریب رونمائی

پیر 11 دسمبر 2017 22:24

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز کے زیر ِ اہتمام نامور شاعر ، ادیب اور سینئر صحافی غلام عباس بھنبھرو کی کتاب’’ اسان ھت اکیلا ‘‘کی تقریب رونمائی یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب کی صدارت وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ غلام عباس بھنبھرو کا ادبی کام لائق ستائش ہے۔

انہوں نے اپنی کتابوں میں سندھ کے پسماندہ علاقے تھر اور کاچھو کو اجاگر کیا ہے۔ غلام عباس بھنبھرو نے انقلابی رہنمائوں شہید ذوالفقار علی بھٹو ، سوریہہ بادشاہ ، کامریڈ حیدر بخش جتوئی، تنویر عباسی اور عطا محمد حامی کا اپنی کتابوں میں تذکرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز نے خیر مقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ غلام عباس بھنبھرو کی شخصیر کثیر الجہتی شخصیت ہے۔

انہوں نے ادب، زبان میں اچھا کام کیا ہے۔ نامور زرعی ماہر غلام قاسم جسکانی نے کہا کہ غلام عباس بھنبھرو نے سندھی زبان، ادب، ثقافت اور سماج پر آدھی صدی سے زیادہ کام کیا ہے۔ اس موقع پر غلام عباس بھنبھرو نے کہا کہ انہوں نے 7کتابیں لکھی ہیں جن میں شاعری، نثر و دیگر شامل ہیں ۔ ان کتابوں میں انہوں نے تعلیم، صحت اور سماجی مسائل کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں کتاب کی رونمائی تقریب کے انعقاد پر انہیں دلی خوشی حاصل ہوئی ہے کیونکہ یہ یونیورسٹی شاہ عبداللطیف بھٹائی کے نام سے منسوب ہے۔