Live Updates

کراچی کی عوام کی امیدیں تحریک انصاف سے وابستہ ہیں،عارف علوی

کراچی کی عوام کاتحریک انصاف اور عمران خان پر اعتماد کی بہترین مثال 2013کے انتخابات ہیں، رکن قومی اسمبلی

پیر 11 دسمبر 2017 22:01

کراچی کی عوام کی امیدیں تحریک انصاف سے وابستہ ہیں،عارف علوی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اس وقت کراچی کی عوام کی امیدیں تحریک انصاف سے وابستہ ہے۔ تحریک انصاف وہ واحد جماعت ہے جو اس شہر کے حالات بدل سکتی ہے۔ کراچی کی عوام کاتحریک انصاف اورچیئرمین عمران خان پر اعتماد کی بہترین مثال 2013کے عام انتخابات ہیں جس میں کراچی کی عوام نے لاکھوں کی تعداد میں تحریک انصاف کو ووٹ دیے۔

یہ باتیں انہوں نے قیوم آباد یوسی37میں عوامی رابطہ آفس کے افتتاح کے موقع پر کارکنان اور میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر علی زیدی ،جنرل سیکریٹری کراچی و رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان ، راجہ اظہر خان، ضلع کورنگی کے صدر فہیم خان، کاشف بٹ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

دفتر کے افتتاح کے بعد ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے حلقہ انتخاب NA250 کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور علاقہ معززین سے ملاقاتیں کیں۔ علاقہ کے رہائشیوں نے ڈاکٹر عارف علوی کو علاقے میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارف علو ی کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی شہر میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کی تقسیم اور صفائی ستھرائی کا ہے۔ اس وقت کراچی کے زیادہ تر علاقے پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے مسائل سے دوچار ہیں ۔ کرپشن اور لوٹ مارکی وجہ سے ادارے تباہ ہوچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ کراچی کے شہری مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات