جلے ہوئے کارتوس بے بنیاد الزام لگا کر ہمارے خلاف عوام کو اکسا رہے ہیں، طارق انور سیال

عباسی خاندان کا خود ساختہ شہزادہ معظم عباسی جرائم پیشہ افراد کا سرغنہ ہے جس کیخلاف لاتعداد مقدمات درج ہیں، پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 11 دسمبر 2017 21:58

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل اور سیال کے بھائی، پیپلز پارٹی رہنما اور ممبر ڈسٹرکٹ کونسل لاڑکانہ انجنیئر طارق انور سیال نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے جلے ہوئے کارتوسوں اللہ بخش انڑ،معظم عباسی، منور عباسی،ڈاکٹر صفدر عباسی،اور علی ڈنو انڑ نے بھی یہی پالیسی اپنائی ہوئی ہے جو بے بنیاد الزمات لگا کر ہمارے خلاف عوام کو اکسانا چاہتے ہیں لیکن عوام انہیں اچھی طرح جانتی ہے کے ان کے کردار کیا ہیں ،عباسی خاندان جس وقت پیپلز پارٹی میں تھا اور بینظیر بھٹو شہید کے نزدیک تھا تو پیپلز پارٹی اچھی جماعت تھی لیکن جب انہوں نے غداری کرتے ہوئے پارٹی چھوڑی تو پیپلز پارٹی خراب ہو گئی عوام کو آج بھی یاد ہے کے پیپلز پارٹی میں ہوتے ہوئے عباسی خاندان نے انہیں کتنی اذیتیں پہنچائیں یہ وہی خاندان ہے جس نے آمر جنرل ضیائ کو لاڑکانہ کے دورے کے دوران اجرک اور پھولوں کے ہار پہنائے ، صفدر عباسی پیپلز پارٹی کے امیدواران کو ٹکٹ جاری کر نے کے لیے پیسے رشوت لیتا رہا، وہی ناہید خان جو محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے ساتھ ہوتی تھی اور گاڑی کے سن روف سے پہلے نکلتی تھی آخری دن گاڑی کے سن روف سے پہلے کیوں نہیں نکلی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عباسی خاندان کا خود ساختہ شہزادہ معظم عباسی جو کے جرائم پیشہ افراد کا سرغنہ ہے جس کے خلاف لاتعداد مقدمات درج ہیں جن میں اغوا برائے تاوان ،قبضہ خوری، بھتہ خوری،زمینوں پر قبضے و دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظام کلہوڑو نامی شخص جب ان کے ساتھ تھا تو فرشتہ تھا جب اس نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تو اس کا جینا حرام کر دیا اس پر قاتلانہ حملے کروائے،، نظام کلہوڑو نے معظم کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تووہ الزام بھی ہم پر لگا یا گیا ،معظم عباسی نے کچے کی ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہے جس کے خلاف اینٹی کرپشن سندھ نے بھی انکوائری شروع کی ہوئی ہے جب کے معظم عباسی کا ولید محلہ کے علاقے میں قائم کوٹ جرائم پیشہ افراد کا گڑھ ہے جہاں سندھ بھر کے جرائم پیشہ ڈاکووں کو پناہ دی جاتی ہے ،میری درخواست ہے کے قانون نافذ کر نے والے ادارے پہلے معظم عباسی کے ولید محلہ والے کوٹ کی تلاشی لیں جہاں درجنوں جرائم پیشہ افراد کے موجود ہونے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی جدید اسلحہ بھی اسٹاک کیا گیا ہے ،لاڑکانہ کے قاضی سینٹر پر معظم کا قبضہ ہو یا پھر بازیگروں کے گھروں کو آگ لگانے والا واقعہ ان سب میں معظم عباسی ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کے ذریعے پیغام دینا چاہتا ہوں کے وہ جھوٹے الزامات لگا کر اخلاقی طور پر اپنی ہار مان چکا ہے سیاست ان کی پہلے ہی ختم ہو چکی ہے اس لیے اتحاد کی بیساکھیوں کی تلاش میں ہے اب بھی وقت ہے کے وہ سدھر جائے اور سیاست کرے الزا مات کی سیاست نہ کرے جو اس کے لیے بہتر ہو گاکوئی بھی خاندانی سیاست دان ایسی گھٹیا زبان استعمال نہیں کرتا جیسی کے معظم عباسی استعمال کر رہا ہے جواب دینا ہمیں بھی آتا ہے ہم جمہوری لوگ ہیں اس کے الزامات کا جواب 2018 کے الیکشن میں عوام کی مدد سے دے کر اس کی غلیظ سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔