صوبے سے منشیات کو مکمل طورپر ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں ،نواب ثناء اللہ خان زہری

مختلف علاقوں میں منشیات سے بچائو اور بحالی مراکز قائم کئے جائینگے،وزیراعلی بلوچستان

پیر 11 دسمبر 2017 21:38

صوبے سے منشیات کو مکمل طورپر ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ صوبے میں منشیات کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے کابینہ اجلاس میں منشیات کی روک تھام سے متعلق تجاویز طلب کرلی ہیں تجاویز ملنے کے بعد ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا یہ بات انہوں نے پیر کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی انیتہ عرفان کی جانب سے سٹی نالہ میں منشیات فروشی کے حوالے سے پیش کردہ توجہ دلائو نوٹس پراظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔

وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں منشیات کے روک تھام کو شامل کیا گیا تھا جس پر سیر حاصل بحث ہوئی وزیرداخلہ اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ صوبے سے منشیات کو مکمل طورپر ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں اور صوبے کے مختلف علاقوں میں منشیات سے بچائو اور بحالی مراکز قائم کئے جائینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ منشیات کے عادی افراد کی دوبارہ سے بحالی کیلئے ضروری علاج کی ضرورت ہوتی ہے اسکے بغیر انکی حالت مزید بگڑ سکتی ہے اور وہ مر بھی سکتے ہیں سٹی نالہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں منشیات کی خرید وفروخت کی روک تھام کیلئے آئی جی پولیس کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ اس مسئلے پر قابو پائے اور خواتین کے اس لعنت کا شکار ہونے پر تشویش لاحق ہے انکے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائینگے جبکہ اس حوالے سے تجاویز بھی طلب کئے ہیں انہوں نے کہاکہ جب تک منشیات کے سپرلائرز کو نہیں روکیں گے یہ مسئلہ مزید سنگین ہوتاجائے گا اس سلسلے میں اے این ایف اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی بات کرینگے انہوں نے نام نہ لیتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ کالجز میں بھی منشیات فراہم کی جارہی ہیں اس حوالے سے منشیات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کئے جائینگے۔

متعلقہ عنوان :