ْفاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انہیں حقوق دیئے جانے کے حق میں ہیں، سید خورشید شاہ

آج بھی فاٹا اصلاحات کا بل ایجنڈے پر نہ لایا گیا تو روزانہ کی بنیاد پر احتجاج جاری رکھیں گے، میڈیا سے گفتگو

پیر 11 دسمبر 2017 21:33

ْفاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انہیں حقوق دیئے جانے کے حق میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہم فاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انہیں حقوق دیئے جانے کے حق میں ہیں، اگر آج بھی فاٹا اصلاحات کا بل ایجنڈے پر نہ لایا گیا تو روزانہ کی بنیاد پر احتجاج جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ آج پہلی مرتبہ فاٹا کے حوالہ سے بل ایجنڈا میں دیکھا تھا، ہم اس فاٹا کے عوام کو حقوق دیئے جانے کے حق میں ہیں ، انہوں نے کہا کہ جمعرات کو آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں پشاور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے دائرہ کار بڑھانے کے حوالے سے وفاقی وزیر سیفران نے رابطہ کرکے کہا تھا کہ ہم فاٹا کے حوالہ سے بل لا رہے ہیں آپ کی کیا رائے ہے‘ جس پر ہم نے انہیں بل لانے کا کہا تاہم آج بل کو ایجنڈے سے نکالنے پر بہت افسوس ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی فاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ساتھ چلنے کو تیار ہیں مگر دبائو کی وجہ سے بل نہیں لائے، انہوں نے کہا کہ اگر یہ بل ایجنڈے پر (آج) منگل کو بھی نہ آیا تو اپوزیشن جماعتوں کیساتھ مل بیٹھ کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔