فاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اگر آج بھی فاٹا اصلاحات کا بل ایجنڈے پر نہ لائے تو ایوان سے روزانہ کی بنیاد پر احتجاج جاری رکھیں گے

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیّد خورشید احمد شاہ کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 11 دسمبر 2017 21:00

فاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اگر آج بھی فاٹا اصلاحات کا بل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیّد خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ فاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اگر آج بھی فاٹا اصلاحات کا بل ایجنڈے پر نہ لائے تو ایوان سے روزانہ کی بنیاد پر احتجاج جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پہلی مرتبہ فاٹا کے حوالہ سے بل ایجنڈا میں دیکھا تھا، ہم اس حق میں ہیں کہ فاٹا کے عوام کو حقوق دیئے جائیں، آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں پشاور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے دائرہ کار بڑھانے کے حوالہ سے جمعرات کو وفاقی وزیر سیفران نے رابطہ کرکے کہا کہ ہم فاٹا کے حوالہ سے بل لا رہے ہیں آپ کی کیا رائے ہے‘ ہم نے کہا کہ بل لائیں، آج بڑا افسوس ہوا جب بل ایجنڈے سے نکالا گیا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پی پی پی فاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم ساتھ چلنے کو تیار ہیں مگر دبائو کی وجہ سے بل نہیں لائے، اگر یہ بل ایجنڈے پر (آج) منگل کو بھی نہ آیا تو مل بیٹھ کر آئندہ کا لائحہ عمل اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ طے کریں گے۔