سیالکوٹ، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکتی ،عمر ڈار

پیر 11 دسمبر 2017 20:54

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ڈار نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکتی ہمیں چاہیے کہ ملک کو بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام دلانے کے لئے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں جس میں وکلاء کا کردار انتہائی اہم ہے ، وکلاء نے آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے تاریخی جدوجہد کی ہے ،وکلاء نے پر ویز مشرف کے دور آمریت میں ظلم کے خلاف آواز بلند کی اور پی سی او کو ماننے سے انکار کر دیا ۔

وہ پیر کو وکلا ء سے خطا ب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلعی صدر عثما ن ڈار،اصغر اعوان عطاری ایڈووکیٹ،سابق ایم پی اے چوہدری محمداخلاق ،میاں شکیل ایڈووکیٹ،شاہد میر ایڈووکیٹ و دیگر نے خطا ب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وکلاء نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں،وکلاء کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،روشن ،پر امن اور خوشحال پاکستان ہم سب کی منزل ہے قانون کی بالادستی ، جمہوریت کی بحالی اور شہری آزادیوں کے لیے وکلا ء کی جدوجہد تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔

عمر ڈار نے انصاف تک رسائی میں وکلاء برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا ء برادری ہمارا اہم اثاثہ ہے جن کے بغیر ہم حق اور انصاف کی جدوجہد میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ، وکلاء نے ہمیشہ جمہوری سیاسی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا انتہائی اہم کردار ہے جس سے کسی کو انکار نہیں وکلاء برادری ہی کی بدولت عام عوام اپنے حق کے حصول کے لئے لڑتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :