بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کیخلاف مشترکہ قرارداد کی متفقہ منظوری قابل تحسین ہے ،سید مطیع اللہ آغا

پیر 11 دسمبر 2017 20:34

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) سابق اسپیکر سید مطیع اللہ آغا نے کہا ہے کہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف مشترکہ قرارداد کی متفقہ منظوری قابل تحسین ہے ۔ جبکہ قرارداد میں او آئی سی کو مدعو کرنا بہترین عمل ہے ۔ امن کے داعی امریکہ نے مسلمانوں کے جذبات ،غیرت اور مذہبی جنون کو للکارا ہے ۔

پوری دنیا کے مسلمان مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعد بیت المقدس کو مقدس خطہ سمجھتے ہیں۔ جبکہ قبلہ اول کی حفاظت اپنا فرض۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اقدام اقوام متحدہ کے عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کے قرادادوں سے متصادم ہے۔ اس ناجائز اقدام کے سنگین نتائج بر آمد ہونگے ۔ اسلام کی آبیاری اور دفاع تمام مسلمانوں کا فرض ہے۔

(جاری ہے)

سابق ا سپیکر نے کہا کہ یروشلم یہودیوں اور مسیحوں کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے۔

انتشار پیدا کرنے والے ٹرمپ کے متنازعہ فیصلے کے بعد امریکہ امن مذاکرات میں ثالث نہیں رہ سکتا ۔ جبکہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دیر پا امن کے سمجھوتے کی کوشش کرنے والا امریکہ یہ بھول گیا کہ اس کی اسلام دشمنی ایک بار پھر دنیا کو مذہب کے نام پر جنگ کی جانبددھکیل رہا ہے ۔فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کا عظم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز عمل سے بیت المقدس کے اسلامی ، قانونی ، حقیقی اور تاریخی حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا جبکہ سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقد س منتقل کرنا ناکامی کی علامت ہے ۔اس ضمن میں عالم اسلام کے اتحاد کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :