ہنگو میں گیس پریشر کی کمی‘مسئلہ بدستور سنگین۔شہری ایک بار پھر سے سڑکوں پر آگئے

پیر 11 دسمبر 2017 20:25

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) ہنگو میں گیس پریشر کمی کے مسئلہ کے خلاف علاقہ عوام نے علماء کرام اور سیاسی شخصیات کی قیادت میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔اور ڈی سی رہائش گاہ کے سامنے جی ٹی روڈ بلاک کر دی۔مظاہرین سے خطاب میں ممتاز عالم دین مولانا عبد اجلیل،ضلع ناظم مفتی عبید اللہ،سابق ایم این اے پیر حیدر علی شاہ،سابق ایم پی اے حاجی عتیق الرحمان،تحصیل ناظم عامر غنی، و دیگر نے کہا کہ ضلع ہنگو گیس پروڈکشن زون ہونے کے بائوجود قدرتی گیس کی مناسب افادیت سے محروم ہے جس کی وجہ سے علاقہ عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس پریشر کی کمی کے حوالے سے درپیش مسائل سے بارہا حکومت،انتظامیہ اور محکمہ سوئی نادرن کے زمہ داران کو آگاہ کیا مگر کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا۔

(جاری ہے)

جو کہ سراسر ہنگو عوا کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔مقررین نے کہا کہ گیس کی ترسیل کے انتہائی کم پریشر کے باعث نہ صرف گھریلو گیس صارفین بری طرح متاثر ہیں بلکہ کاروباری طبقہ بھی تکالیف سے دوچار ہے۔

صبح کے اوقات میں بچے،بچیاں نہار منہ سکول جانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔دریں اثناء مذکورہ مشران پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے ڈپٹی کمشنر ہنگو شاہد محمود سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کو مسئلے کے حوالے سے آگاہ کیا۔علاقہ مشران نے انتظامیہ کو گیس کے غیر قانونی کنکشنز کاٹنے اور بقایاجات کی ریکوری کے لئے بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ ڈی سی شاہد محمود نے وفد کو یقین دلایا کہ گیس مسئلہ حل کرانے کے لئے وہ تحریری طور پر متعلقہ محکمے کے حکام بالہ کو آگاہ کر کے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :