امریکی صدر کے اعلان سے اُمت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے،مصورخان

پیر 11 دسمبر 2017 20:23

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) تحریک انصاف ملاکنڈ کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور ممبر ضلع کونسل ملاکنڈ حاجی پیر مصور خان غازی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان سے پورے اُمت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے اور مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور اسے اسرائیل کا دارالخلافہ بنانے کا تصور بھی نہیں کرسکتے ۔

انبیاء علیہم السلام کی سرزمین پر اسرائیلی یہودیوں کے قدم رکھنے کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی ملاکنڈ تحصیل درگئی کے دیگر رہنمائوں محمد رسول خان ، سابق تحصیل جنرل سیکرٹری سلیمان خان ، اعتبار خان ، رحیم داد خان ، حاجی محمد عمران اورولایت خان باچہ (باچہ جی)کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی پیر مصور خان غازی نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلخلافہ بنانے کے امریکی صدر کا اعلان اسلام دشمنی کا عملی اور واضح ثبوت ہے جو کہ انہوں نے یہودیوں کو خوش کرنے کے لئے کیا ہے لیکن بیت المقدس مسلمانوں کے لئے اتنا ہی مقدس ہے جتنا حرمین شریفین مقدس ہیں اور پوری اُمت مسلمہ پر بیت المقدس اور حرمین شریفین کی حفاظت لازم اور فرض عین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے بیت المقدس کے حوالہ سے اعلان کرکے مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے اس لئے آمریکی صدر بلا تاخیر اپنا اعلان واپس لیں اور مسلمانوں کے دل آزاری پر پورے اُمت مسلمہ سے معافی مانگیں ۔