بارش و خراب موسم ہمارا راستہ نہیں روک سکتے،موسم کی خرابی کے باوجود بڑی لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت جماعت اسلامی پر اعتماد کی مظہر ہے،

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان

پیر 11 دسمبر 2017 19:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ بارش و خراب موسم ہمارا راستہ نہیں روک سکتے،موسم کی خرابی و بارش کے باوجود بڑی لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت جماعت اسلامی پر اعتماد کی مظہر ہے، فاٹا تک سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کی توسیع جماعت اسلامی کے لانگ مارچ کی فتح ہے۔

بروز پیر انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت فاٹا کے عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کرے، ایف سی آر کا خاتمہ اور خیبر پختونخوا میں انضمام فاٹا کے تمام مسائل کا حل اور فاٹا کی محرومیوں اور پسماندگیوں کا ازالہ ہے،سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے دائرہ کار کی فاٹا تک توسیع کے ساتھ ساتھ ایف سی آر کے خاتمے ، خیبر پختونخوا اسمبلی میں نمائندگی اور خیبر پختونخوا میں انضمام کا بھی کھل کر اور واضح اعلان کیا جائے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی فاٹا کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے، وفاقی حکومت کی فاٹا کے حوالے سے پالیسیاں فاٹا کے عوام میں غیض و غضب اور نفرت کا باعث بن رہی ہیں۔ لانگ مارچ کامیابی کے ساتھ اسلام آباد کی طرف بڑھ رہا ہے، انشاء اللہ آج اسلام آبا میں لانگ مارچ اور تاریخی دھرنا ہوگا، لانگ مارچ میں تمام پارلیمانی پارٹیوں کی لیڈر شپ اور فاٹا کی منتخب قیادت قومی اسمبلی اور سینیٹ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

لانگ مارچ آج (منگل)فیض آباد سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا، راوالپنڈی اور اسلام آباد میں بسنے والے تمام غیور قبائلی عوام کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ تمام جمہوریت پسند اور محب پاکستان افراد سے لانگ مارچ اور دھرنے میں شرکت کی اپیل ہے۔ لانگ مارچ کی قیادت سینیٹر سراج الحق کریں گے، سینئر وزیر عنایت اللہ خان، پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ اور جماعت اسلامی راوالپنڈی و اسلام آباد کے رہنما بھی ان کے ساتھ ہوں گی مشتاق احمد خان نے کہا کہ آرٹیکل 246میں ترمیم اور آرٹیکل 247کو مکمل ختم کرنے تک فاٹا کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔

حکومت کھل کر آرٹیکل 246میں ترمیم اور آرٹیکل 247کے خاتمے کا اعلان کرے۔ ایف سی آر کے خاتمے اور فاٹا کے مکمل انضمام تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باب خیبر سے اسلام آباد تک لانگ مارچ قبائل کے دلوں کی آواز اور قبائلیوں کی ترجمان ہے۔ تمام جمہوریت پسند سیاسی قوتیں قبائل کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے فاٹا اصلاحات ، ایف سی آر کے خاتمے اور فاٹا انضمام کے ایجنڈے کا ساتھ دیں ۔