حکومت پنجاب کا کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈینگی ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ

پنجاب کے طول و عرض میں تحصیل و ضلعی ہسپتالوں میں عوام الناس کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں‘خواجہ سلمان رفیق

پیر 11 دسمبر 2017 19:29

حکومت پنجاب کا کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈینگی ملازمین کو مستقل کرنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر برائے سپشلائز ڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجو کیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب کے طول و عرض میں تحصیل و ضلعی ہسپتالوں میں عوام الناس کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کے شعبہ میں بہتری آنے سے بڑے شہروں کے ٹیچنگ ہسپتالوں پر دبائو کم ہواہے،ڈینگی بچاو مہم ہویا پولیو محکمہ صحت کے ملازمیں دن رات کام کر رہے ہیں ، حکومت پنجاب نے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈینگی ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،صوبے میں نئی میڈیکل یونیورسٹیز اور کالجز کے قیام سے ہیلتھ کیئر کے شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور میڈیکل کی اعلی تعلیم کے حصول کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے،صوبہ بھر میں عوام کو حکومت کی جانب سے شعبہ صحت میں کیے گے اقدامات سے آگاہی کے لیے صوبائی و ضلعی سطح پر دس روزہ ہیلتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں اٹک سے راجن پور تک تمام اضلاع میں تحصیل و ضلعی سطح پر لوگوں کو شعبہ صحت میں کئے جانے والے حکومتی اقدامات سے آگاہی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے الحمرا میں ہیلتھ کنونشن کے اختتامی روز ہیلتھ میلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈی سی او لاہور سمیر احمد سید ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹرید اللہ ، محکمہ صحت کے افسران ، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں شعبہ صحت کے دونوں محکمے پرائمری اینڈسیکنڈری اور سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر 12کروڑ آبادی کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں پرائمری اور سپیشلائزڈ دونوں سطح پر کام ہو رہا ہے۔

شعبہ صحت میںدرپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لیے حکومت پنجاب وزیر اعلی پنجاب ہیلتھ روڈ میپ کے تحت ایک جامع پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ لاہور میںپولیو مہم کا مرحلہ ہو یا پھر ڈینگی لاروے کا خاتمہ ، محکمہ صحت کے ملازمین کی دن رات کام کر رہے ہیں۔ بنیادی مراکز صحت اور تحصیل ہسپتالوں کی حالت پہلے سے کئی گنا بہتر ہوئی ہے۔تقریب میں معذور بچوں نے مختلف ٹیبلو ز اور ملی نغموں پر اپنے فن کا مظاہر کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ میلہ کا انعقاد ہیلتھ کنونشن کے آخری روز کیا گیا۔ہیلتھ میلہ میں مختلف بیماریوں سے بچائو کے حوالے سے آگاہی سٹالز بھی لگائے گئے۔