ہمیشہ اقدار کی سیاست کی، عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے شاندار ریکارڈ قائم کئے ہیں‘شہبازشریف

ماضی کے حکمرانوں کی طرح وعدوں اور دعووں کی بجائے عملی اقدامات کئے، ملک کو توانائی بحران سے نجات دلانے کا وعدہ پورا کر دکھایا عوام آئندہ عام انتخابات میں قوم کا وقت برباد کرنے اور جھوٹے نعرے لگانے والوں کا صفایا کرینگے‘ اراکین اسمبلی سے گفتگو

پیر 11 دسمبر 2017 19:28

ہمیشہ اقدار کی سیاست کی، عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے شاندار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے۔ ہم نے ہر دور میں عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کو اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے شاندار ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ماضی کے حکمرانوں کی طرح وعدوں اور دعووں کی بجائے ہر شعبہ کی بہتری کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔

لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ ملک کو توانائی بحران سے نجات دلانے کا وعدہ پورا کر دکھایا ہے۔ ملک کی ترقی کے لئے بھرپور جذبے سے آگے بڑھتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ وسائل عوام کی امانت ہیں، تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جا رہے ہیں اور وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے۔ شفاف ترقیاتی منصوبے اور عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں شفافیت اور میرٹ کو اپنایا گیا ہے اور شفافیت کے ذریعے بچائے گئے اربوں روپے بنیادی سہولتوں کی فراہم پر صرف کئے جا رہے ہیں۔

جیسے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، اسی جذبے سے دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ملک کی ترقی کی بنا پر ہی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔عوام کی خدمت سے بڑھ کر اور کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ عوام کی ہمیشہ خدمت کی ہے اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا اور ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی کیونکہ اتحاد کی قوت سے ہی اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی شعبدہ بازوں کی جھوٹ پر مبنی سیاست دم توڑ چکی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عوام قوم کا وقت برباد اور جھوٹے دعوے اور نعرے لگانے والوں کا صفایا کریں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی امتیاز احمد اور چوہدری طفیل شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :