قومی اداروں کی بحالی اور ترقی پاکستا ن کی ترقی اور کامیابی ہے‘خواجہ سعد رفیق

سی پیک کے تحت ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کے منصوبے میں پاکستانی مزدوروںکو زیادہ سے زیادہ حصہ ملنا چاہیے‘وفاقی وزیر ریلویز

پیر 11 دسمبر 2017 19:28

قومی اداروں کی بحالی اور ترقی پاکستا ن کی ترقی اور کامیابی ہے‘خواجہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قومی اداروں کی بحالی اور ترقی پاکستا ن کی ترقی اور کامیابی ہے، دن رات کی ان تھک محنت نے پاکستان ریلویز کو دوبارہ زندہ کردیاہے اور سی پیک کے تحت اپ گریڈیشن کے بعد مین لائن پر ٹرین کی سپیڈ 120سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی۔ کراچی سے لاہور کا سفر دس سے گیارہ جبکہ لاہور سے پنڈی کا سفر اڑھائی سے تین گھنٹوں میں طے ہوسکے گا،سی پیک کے تحت کراچی سے پشاور تک ریلوے لائن (ایم ایل ون )کی اپ گریڈیشن کا ڈیزائن وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کو پیش کردیاگیاہے، ڈیزائن چینی ماہرین نے تیار کیا ہے اور اسے سی پیک ٹیم لیڈر اشفاق خٹک نے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پیش کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ریلوے اور نیسپاک اسی ڈیزائن پر خیبر پختونخواہ ، سندھ اور پنجاب کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ محکموں کو اعتماد میں لیں تاکہ صوبائی حکومتیں ریلوے ٹریک کے ساتھ جڑی سڑکوں کی تعمیر کے معاملات بھی دیکھ سکیں۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سی پیک کے تحت ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کے تاریخ سازمنصوبے میں پاکستانی مزدوروں اور محنت کشوں کو زیادہ سے زیادہ حصہ ملنا چاہیے۔ خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر پاکستان ریلوے پولیس کی تعداد اور استعداد کار میں اضافے کے لیے بھی منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔ وزیر ریلویز کو کراچی ۔ملتان ، ملتان ۔لاہور ،لاہور ۔راولپنڈی ، راولپنڈی ۔

پشاور، کالوووال پنڈورا، ٹیکسلا حویلیاں ، والٹن ٹریننگ اکیڈیمی اور حویلیاں ڈرائی پورٹ سمیت پراجیکٹ کے مختلف حصوں کی علیحدہ علیحدہ تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سی پیک ٹیم کی طرف سے کہا گیا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد مارچ 2018 میں رکھا جاسکتا ہے تاہم وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سی پیک پر نہ تو جلدی دکھائی جائے اور نہ ہی سستی کا مظاہرہ کیاجائے بلکہ قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے سو فیصدمیرٹ پر کام کیاجائے ۔

اجلاس میں چیئرپرسن پاکستان ریلویز مسز پروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلویز محمدجاوید انور، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی ، سی پیک ٹیم لیڈر اشفاق خٹک، چیف انجینئر اوپن لائن ظفر اللہ کلوڑ اور نیسپاک کے اداروں کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :